لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ شہریوں کی مشکلات کا بروقت ازالہ اور انہیں ریلیف کی فوری فراہمی پولیس پر عوام کے اعتماد کی فضا کو مضبوط بناسکتا ہے۔ لہٰذا1787کمپلینٹ سنٹر میں تعینات سٹاف پہلے سے زیادہ محنت، خلوصِ نیت اور فرض شناسی کے ساتھ فرائض کی ادائیگی کویقینی بناتے ہوئے مشکلات کے شکار شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کریں۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ موثر سپرویژن اور کلوز مانیٹرنگ سے 1787کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کی کارکردگی اور شہریوں کی شکایات پر پولیس رسپانس کو بہتر سے بہتر بنایا جائے اورجو افسر یا اہلکار 1787سے بھجوائی گئی شکایات پر ایکشن میں تاخیر کا مظاہرہ کریں ان کے خلاف محکمانہ کارروائی میں تاخیر نہ کی جائے۔آئی جی پنجاب نے ایف آئی آر کے عدم اندراج پر ڈی ایس پی خانپوراور چوبارہ لیہ، ایس ایچ او ظاہر پیر اور سٹی میانوالی کو شو کاز نوٹسز جاری کرنے کی ہدایت کی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ ڈی آئی جی آئی اے بی، اے آئی جی کمپلینٹس اور اے آئی جی انسپکشن روزانہ کی بنیاد پر 1787کی کالز کو سنیں گے اور شہریوں کے سنگین مسائل سے متعلقہ کالز کے ازالے کیلئے آر پی اوز اور ڈی پی اوز سے براہِ راست رابطہ کریں گے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات میں دلچسپی نہ لینے والوں کے محکمانہ احتساب کو یقینی بنایا جائے اور جس ضلع سے ایف آئی آر کی کے اندراج میں تاخیریا غیر معیاری تفتیش کی شکایت آئے، انکوائری کے بعد ذمہ داران کے خلاف تادیبی کاروائی عمل میں کوئی تاخیر نہ کی جائے۔ آئی جی پنجاب نے شہریوں کی فون کالز سنیں اور سٹاف ورکنگ کی انسپکشن کرتے ہوئے احکامات جاری کیے۔ بہاولنگر کی رہائشی خاتون کے ساتھ فراڈ کی شکایت پر آئی جی پنجاب نے آرپی او بہاولپور کو فوری ایکشن لے کر رپورٹ بھجوانے کی ہدایت دی۔ ساہیوال میں خاتون کی پولیس اہلکاروں کے خلاف شکایت پر ڈی پی او کو انکوائری کے بعد ذمہ داران کے خلاف محکمانہ و قانونی کاروائی کا حکم دیا۔ آئی جی پنجاب نے قصور اور گوجرانوالہ کے شہریوں کی شکایات پرڈی پی اوز کو ایف آئی اندراج میں تاخیر کے ذمہ داران کے خلاف ایکشن کا حکم دیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی، آئی اے بی، سید محمد امین بخاری، اے آئی جی کمپلینٹس شاکر اللہ شاہد، اے آئی جی انسپکشن شعیب خرم جانباز، اے آئی جی ڈویلپمنٹ رانا منصورالحق سمیت دیگر افسران موجود تھے۔
1787کمپلینٹ سنٹر سٹاف شہریوں کو ریلیف فراہم کریں:آئی جی
Jan 30, 2023