اوباشوںکی غنڈہ گردی ، اخلاق باختگی نے سبزہ زار سکیم کے مکینوں کا جینا حرام کر دیا

Jan 30, 2023

لاہور(نامہ نگار)سبزہ زار سکیم ڈی بلاک میں علاقے کے اوباش عناصر نے اپنی غنڈہ گردی اور سرعام اخلاق باختگی کے مظاہروں سے علاقے کے مکینوں کا جینا حرام کر دیا ۔گزشتہ روز یہ غنڈہ عناصر سعید آسی پارک کے بالمقابل گلی میں ایک نوجوان کو سخت تشدد کا نشانہ بنا رہے تھے کہ سینئر صحافی اور سبزہ زار ویلفیئر سوسائٹی کے صدر سعید آسی کے بیٹے شہباز سعید نے انہیں غنڈہ گردی سے منع کیا جس پر ان اوباش نوجوانوں نے اسے بھی تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا اور اسی دوران احمد بٹ نامی نوجوان نے اپنی جیب سے پستول نکال کر شہباز سعید پر تان لیا اور فائرنگ کا سلسلہ شروع کر دیا۔ اس نے یکے بعد دیگرے 6 فائر کئے اور پھر فائرنگ کرتے ہوئے یہ اوباش نوجوان فرار ہو گئے۔ شہباز سعید نے فوری طور پر اس واقعہ کی اطلاع ون فائیو پر کال کرکے پولیس کو اطلاع کردی جس کے فوری طور پر نہ آنے پر سعید آسی نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور وزیر اطلاعات و نشریات عامر میر کو فون کر کے اس واقعہ سے آگاہ کیا جن کے نوٹس لینے پر سی سی پی او لاہور نے ایس ایچ او پولیس تھانہ نواں کو موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی۔ چنانچہ ایس ایچ او کی سرکردگی میں نواں کوٹ پولیس نے جائے وقوعہ سے پستول سے چلائی گئی گولیوں کے خول برآمد کر لیئے۔ علاقے کے مکینوں نے پولیس کو ملزمان کے ناموں اور ان کی رہائش گاہ کی نشاندہی بھی کر دی مگر تاحال پولیس نے اس وقوعہ کا مقدمہ درج نہیں کیا اور نہ ہی مزید کوئی کارروائی کی گئی ہے۔ علاقے کے مکینوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ان اوباش عناصر کو فوری طور پر نکیل نہ ڈالی گئی تو ان کے حوصلے مزید بلند ہوں گے اور وہ کسی کو جانی نقصان بھی پہنچا سکتے ہیں۔ سعید آسی نے وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پولیس پنجاب سے ملزمان کی فوری گرفتاری اور قانون کے مطابق سخت کارروائی کا تقاضا کیا ہے۔

مزیدخبریں