الیکشن سے چہرے بدلتے ہیں، نظام نہیں، شجاع الدین شیخ 

لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر تنظیم اسلامی شجاع الدین شیخ نے کہا کہ الیکشن سے چہرے بدلا کرتے ہیں نظام نہیں، حقیقی تبدیلی صرف اسلامی انقلاب سے ممکن ہے۔ طاغوتی قوتیں، دینی جماعتوں کو جمہوری نظام کے تحت برتری حاصل کرنے پر بھی اقتدار اور اختیار حاصل کرنے میں رکاوٹیں کھڑی کر دیتی ہیں۔ مصر اور الجزائر کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ شجاع الدین شیخ نے کہا کہ تنظیم اسلامی انتخابی سیاست کی بجائے انقلابی سیاست کی قائل ہے۔ دینی جماعتوں نے انتخابات میں حصہ لے کر اپنا ووٹ تقسیم کیا اور مذہب کو متنازعہ بنایا جس سے فرقہ واریت میں بھی اضافہ ہوا۔ حکومتی دعووئوں اور وعدوں کے باوجود وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر کی گئی کوئی اپیل ابھی تک واپس نہیں لی گئی۔ ہماری معیشت کی بدحالی کا اصل سبب سودی نظام ہے۔ سودی نظام سے چھٹکارا حاصل کریں گے تو ہماری معیشت میں اللہ کی طرف سے خیر و برکت آئے گی۔ ملک میں نفاذِ شریعت کے لیے دینی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا ہوگا اور ماضی کی طرح ملک میں نفاذِ اسلام کے لیے متفقہ لائحہ عمل حکومت اور عوام کے سامنے رکھنا ہوگا۔ البتہ ہماری رائے میں نفاذِ شریعت کے لیے پرامن عوامی احتجاجی تحریک ہمارے مسائل کا حل ہے۔

ای پیپر دی نیشن