فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) محکمہ لائیو سٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام جانوروں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے حوالے سے تربیتی سیشن منعقد ہوا جس میں لائیو سٹاک پروڈکشن اینڈ ریسرچ انسٹیٹیوٹ بہادرنگر کی ٹیم نے محکمہ کے افسران اور ترقی پسند بریڈرز کو آگاہی دی۔اس موقع پر مویشی پال حضرات کے چارے کی کمی سے متعلقہ مسائل کو حل کرنے کے لئے درآمد شدہ زیادہ کٹائیاں دینے والے اعلی پیداواری صلاحیت کے لمحیات اور توانائی سے بھرپور کئی سال تک رہنے والے چارہ جات کو متعارف کرایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ باجرہ نیپیئرہائبرڈ،سپرممباسہ اور روہوڈزگراس کو استعمال کیا جائے۔اس موقع پر بتایا گیا کہ فارمرز کے رقبہ پر تینوں اقسام کے چارہ جات کے نمائشی پلاٹس کی کاشت کے لئے قلموں اور بیج کی مفت فراہمی بھی کی جائیگی۔ورکشاپ کے دوران ایڈیشنل ڈائریکٹرز نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت مویشی پال حضرات کو درپیش چارے کی کمی کے مسائل سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ فارمرز حضرات اس منصوبہ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے تعاون کریں۔