مغربی ایشیا کے ممالک  سے ملکی  درآمدات میں  اضافہ برآمدات میں معمولی کمی


اسلام آباد(اے پی پی)مغربی ایشیا کے ممالک سے ملکی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر اضافہ جبکہ ان ممالک کو برآمدات میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں خطے کے ممالک سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر11فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اس کے برعکس ان ممالک کو پاکستانی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 6فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ سٹیٹ بنک کی جانب سے اس حوالے سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے دسمبرتک کی مدت میں بحرین، اردن ، کویت ، سعودی عرب، ترکی ، متحدہ عرب امارات اورخطے کے دیگرممالک کو برآمدات سے ملک کو1.488 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 6فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مغربی ایشیا کے ممالک کوپاکستانی برآمدات کا حجم 1.575 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ دسمبر 2022 میں خطے کے ممالک کو برآمدات سے ملک کو231.21ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو نومبر میں 234.01 ملین ڈالر اور دسمبر2021 میں 307.08ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ مالی سال 2022 میں مغربی ایشیا کے ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 2.932 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں مغربی ایشیا کے ممالک  سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر11فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لے کر دسمبر تک کی مدت میں مغربی ایشیا  کے ممالک سے  10.58ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 9.530 ارب ڈالر تھیں۔ دسمبر میں مغربی ایشیا کے ممالک سے درآمدات کا حجم 1.345 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو نومبر میں 1.323 ارب ڈالر اور  دسمبر 2021 میں 1.627 ارب ڈالر تھا۔ مالی سال 2022میں مغربی ایشیا کے ممالک سے درآمدات کا حجم 20.39 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن