فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) عمران خان نے اوچھے ہتھکنڈوں کی بنا پر اپنی سیاست کو بند گلی میں لا کھڑا کیا ہے ۔ ان کی سیاست ہمیشہ کی طرح آج بھی جھوٹ کی بنیادوں پر استوار ہے ۔ سابق صدر آصف علی زرداری کے اوپر بہتان تراشیوں کا سلسلہ ان کی حواس باختگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ قوم ان کے کالے کرتوتوں کی بنا پر اب ان کو معاف کرنے کے لیے ہرگز بھی تیار نہیں ہے ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی سٹی فیصل آباد کے صدر رانا نعیم دستگیر خاں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے اے پولیٹیکل ہونے کے بعد عمران خان پر مایوسی اور بے یقینی نے پوری طرح غلبہ ڈال رکھا ہے۔ جس بنا پر اب یہ ہرزہ سرائی پر اتر آئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی ایجنڈے کا بیانیہ، مبینہ لانگ مارچ میں ناکامی اور وزیر آباد میں قاتلانہ حملے کا ڈرامہ تو پہلے ہی فلاپ ہو چکا ہے ۔ عوام میں بھی ان کی پزیرائی نہ ہونے کے برابر ہے ۔ اب جبکہ عوامی توجہ حاصل کرنے کیلئے ان کی زنبیل میں کچھ باقی نہیں بچا تو انہوں نے سابق صدر آصف علی زرداری پر جھوٹا الزام لگا کر عوامی توجہ حاصل کرنے کی بھونڈی حرکت کر ڈالی ہے ۔ لیکن پاکستان پیپلز پارٹی اس کے ان گھناؤنے عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پر عزم ہے ۔ وہ اس ہرزہ سرائی پر ہرگز بھی خاموش نہیں بیٹھے گی۔