اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ نواز شریف صاحب نے کبھی نہیں چاہا ایک روپے کا بوجھ بھی عوام پر ڈالا جائے۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کرنے کیلئے کیا۔ ڈالر کو بھی آئی ایم ایف کی شرائط پر کھلا چھوڑا۔ تیل کی قیمتیں بڑھانے پر نواز شریف بہت پریشان ہیں۔ ہم عمران خان کی نااہلیوں کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔ سابق حکومت نے آئی ایم ایف معاہدے کو توڑا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف کی شرائط پر مزاحمت کی ہے تاکہ عوام پر بوجھ نہ پڑے۔ مگر معاہدہ ٹوٹنے کے باعث اب آئی ایم ایف رعایت دینے کو تیار نہیں۔ مفتاح اسماعیل صاحب جو فیصلہ کرتے رہے وہ حکومت کا ہی ہوتا تھا۔ میڈیا نے مفتاح اسماعیل اور اسحاق ڈار کے اختلافات کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا۔ ایک سوال پر کہا کہ الیکشن میں تاخیر نہیں ہو گی۔ اکتوبر 2023ء میں ہی عام انتخابات ہو گے۔ عمرانی ٹولہ ملک کو ڈیفالٹ کرنے کی مہم جوئی کر رہا ہے۔ ہم نے کیا فواد چودھری پر جھوٹا مقدمہ بنایا ہے؟ کیا ہم نے فواد چودھری پر 20 کلو ہیروئن ڈالی ہے؟۔دریں اثناء رانا ثناء اللہ لندن سے واپس وطن پہنچ گئے ہیں۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ رانا ثناء اللہ نجی پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچے۔ ذرائع کے مطابق رانا ثناء اللہ 2 ہفتے لندن میں قائد مسلم لیگ نواز شریف کے ساتھ مشاورت میں مصروف رہے، پنجاب کی سیاسی صورتحال اور پارٹی کو متحرک کرنے کے لیے حکمت عملی بنائی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے رانا ثناء اللہ کو اہم ٹاسک بھی دیئے ہیں۔
رانا ثناء
نواز شریف نے کبھی نہیں چاہا عوام پر بوجھ آئے پٹرول آئی ایم ایف مطالبہ پر مہنگا کیا : رانا ثنا
Jan 30, 2023