لاہور (خصوصی نامہ نگار‘ نیوز رپورٹر) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کے زیراہتمام ملتان چونگی چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکراللہ مجاہد، ڈپٹی سیکرٹری لاہور عامر نثار خان، سیکرٹری یوتھ آدم خان اور صدر جے آئی یوتھ حافظ ذوالنون نے کی۔ شرکاء نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور استعفے دیکر گھر جانے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ غریبوں پر ایٹم بم گرانے کے مترادف ہے۔ جان لیوا مہنگائی، بے روزگاری، روپے کی روز بروز گرتی قدر نے پہلے ہی غریبوں کو زندہ درگور کر رکھا ہے۔ نا اہل حکمرانوں اور ظالم اشرافیہ اپنی مراعات اور لاکھوں میں تنخواہوں میں کمی کرنے کو تیار نہیں سارا بوجھ غریب عوام پر ڈال دیا گیا ہے جو سرا سر ظلم ہے۔ جماعت اسلامی اس ظلم کے خلاف بھر پور تحریک چلائے گی۔ دریں اثناء رانا عبدالسمیع مرکزی صدر انصاف لیبر ونگ نے مزدور یونین کے نمائندگان اور کارکنان کے ہمراہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مزدوروں اور کارکنوں نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور شہباز حکومت کے پتلے کو آگ لگائی۔ پاکستان تحریک انصاف کی سابقہ رکن صوبائی اسمبلی سعدیہ سہیل شالامار ٹائون، لاہور کے صدر عبدالکریم خان، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات سنٹرل پنجاب فاروق خان، نائب صدر لاہور چوہدری عبدالرحمان، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن غلام محی الدین دیوان، یوتھ ونگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل گلریز اقبال گجر، سنٹرل پنجاب یوتھ ونگ کے صدر ثاقب ریاض سندھو، ڈسٹرکٹ لاہور کے صدر عمار بشیر، این اے 120 شمالی لاہور سے امیدوار میاں عباد فاروق، مینارٹی سنٹرل پنجاب کے صدر شنیلا روتھ، شعبہ خواتین سنٹرل پنجاب کے صدر ڈاکٹر نوشین حامد معراج، صدر لاہور روبینہ شاہین، چیئرمین عمران خان کے فوکل پرسن برائے ٹریڈر ناصر سلمان، عمران ٹائیگر لاہور کے کپتان اویس شبیر، صدر ڈسٹرکٹ لاہور وسیم بھٹی، صدر گلبرگ ٹاؤن لاہور حاجی فیاض، صدر عزیز بھٹی ٹائون لاہور وقاص اسلم، صدر راوی ٹاؤن لاہور ملک آصف بھنڈر، صدر لیبر ونگ ڈسٹرکٹ لاہور طارق اقبال چوہدری، صدر ڈسٹرکٹ لاہور ویلفیئر ونگ سعد بن اعظم، جنرل سیکرٹری سیف کھوکھر، صدر ڈسٹرکٹ لاہور ایجوکیشن ونگ زری رحمان اور ٹاؤن کے صدور حاجی فیاض چوہدری محسن مزمل چودھری یوسف علی حاجی محمد علی خان عامر خلیل ملک وقار ملک آصف بھنڈر بلال اسلم بھٹی کی قیادت میں کارکنان نے گلبرگ مغلپورہ یتیم خانہ چوک بادامی باغ شادباغ بھٹہ چوک کینٹ صدر گول چکر واپڈا گول چکر جیل روڈ مکہ کالونی بہار کالونی زمان پارک لبرٹی چوک نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے پر اپنے اپنے علاقوں میں کارکنان کے ہمراہ ریلیوں اور احتجاجی مظاہرے کیے حکمرانوں کے پتلے کو آگ لگائی اور پی ڈی ایم کا سیاسی جنازہ نکالا حکومت کے خلاف کارروائی کی شدید نعرے بازی کی ریلی اور مظاہرے کے شرکاء سے رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں مہنگائی کے خلاف نام نہاد مارچ کرنے والے آج اپنے دور میں بدترین مہنگائی کے خلاف مجرمانہ طور پر خاموش اختیار کر رکھی ہے۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں بجلی گیس پٹرولیم مصنوعات کی قیمت عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی ہیں پی ٹی آئی پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کی مذمت اور مسترد کرتی ہے۔
مظاہرے
مہنگے پٹرول کیخلاف جماعت اسلامی پی ٹی آئی کے مظاہرے حکمرانوں کا پتلا نذر آتش
Jan 30, 2023