کوہاٹ ‘ لاہور (این این آئی+ نیوز رپورٹر) خیبر پی کے کے ضلع کوہاٹ میں ٹانڈہ ڈیم میں کشتی الٹنے سے 11 بچے جاں بحق ہوگئے۔ سترہ ریسکیو کر لئے گئے۔ چار کی حالت تشویشناک ہے۔ ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال فیضی نے بتایا 4 کی حالت تشویشناک ہے جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوہاٹ منتقل کر دیا گیا۔ ترجمان 1122 نے بتایا کہ ڈوبنے والے تمام بچوں کی عمریں 12 سے 20 سال کے درمیان تھیں، تمام بچے مدرسے کے طالب علم تھے جو تفریح کے لیے ڈیم آئے تھے۔ دوسری جانب پولیس اہلکار نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ اس واقعہ میں 11 بچے جاں بحق ہوگئے۔ ڈی سی کوہاٹ فرقان اشرف نے بھی تانڈہ ڈیم میں کشتی ڈوبنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سیر کے لیے آئے ہوئے افراد کی کشتی ڈوب گئی ہے۔ فرقان اشرف نے بتایا کہ کشتی میں30 افراد سوار تھے جس میں زیادہ تعداد بچوں کی تھی، بعد ازاں ڈپٹی کمشنر فرقان اشرف نے بتایا کہ تانڈہ ڈیم میں ڈوبنے والی کشتی میں سوار16 بچوں کوہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں 11 بچے دم توڑ گئے۔
کوہاٹ کشتی حادثہ