لاہور(سپورٹس رپورٹر)سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام ہونیوالا تین روزہ ونٹر سپورٹس فیسٹیول اختتام پذیر ہوگیا، ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب محمدطارق قریشی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے، اتھلیٹکس ایونٹ میں فیصل آباد،فٹ بال میں ملتان، ٹیبل ٹینس بوائز ٹیم ایونٹ میں لاہور اور گرلز میں فیصل آباد، بیڈمنٹن بوائز اینڈ گرلز ٹیم ایونٹ میں لاہور، جوڈو میں بھی لاہور فاتح رہا،بوائز میں علی احمد اور گرلز میں سونیناں مصور تیز ترین اتھلیٹ قرار پائے۔ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب محمدطارق قریشی نے اتھلیکٹس کے مقابلے بھی دیکھے اور کامیاب کھلاڑیوں کو میڈلز پہنائے،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس محمد طارق قریشی کو سوینئر پیش کیا گیا،اولمپیئن ارشد ندیم، ڈویژنل سپورٹس آفیسران،ڈائریکٹرسپورٹس چاند پروین، سائرس سعود جان کو سوینئردیئے گئے۔چیف سپورٹس کنسلٹنٹ سپورٹس بورڈ پنجاب حفیظ بھٹی، سینئر اتھلیٹکس کوچ سلمان بٹ، ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان رانا ندیم انجم، اسسٹنٹ ڈائریکٹر شائستہ قیصر، زرینہ وقار ودیگر بھی موجود تھے۔نتائج کے مطابق 400میٹر (بوائز) ریس میں راولپنڈی کے شفیع اللہ نے پہلی، ملتان کے معید جبار نے دوسری، ساہیوال کے طارق فرید نے تیسری پوزیشن حاصل کی، 400میٹر (گرلز) ریس میں راولپنڈی کی سونیناں مصورنے پہلی، لاہور کی ماہ نور اصغر نے دوسری اور ساہیوال کی ارم ظہور نے تیسری پوزیشن حاصل کی، لانگ جمپ (گرلز) میں لاہور کی ماہ نور،فیصل آباد کی اذکاء اقبال اور سرگودھا کی عامرہ خان نیازی نے پہلی،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی، شاپ پٹ (گرلز) میں فیصل آباد کی خدیجہ مہرین،راولپنڈی کی راحت سلطانہ اور ساہیوال کی جنت جان پہلے،دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں، شاپ پٹ (بوائز) میں ملتان کے علی، فیصل آباد کے محمد اعظم اور سرگودھا کے نعمان شہزاد پہلے، دوسرے اور تیسرے نمبر پررہے،ونٹر سپورٹس فیسٹیول 2023ء میں فٹ بال کا فائنل ملتان نے سرگودھا کو ہرا کر جیت لیا، میچ بہت سنسنی خیز رہا، میچ ایک، ایک گول سے برابر رہا جس کے بعد پنلٹی ککس لگائی گئیں مگر میچ برابر رہا جس کے بعد میچ کا فیصلہ سڈن ڈیتھ پر ہوا۔، ٹیبل ٹینس (بوائز) ٹیم ایونٹ میں لاہور نے گولڈ میڈل جیت لیا،ملتان نے سلور اور گوجرانوالہ نے براؤنز میڈلز جیتے، ٹیبل ٹینس (گرلز) ٹیم ایونٹ میں فیصل آباد نے گولڈ میڈل جیت لیا،لاہور نے سلور اور ملتان نے براؤنز میڈلز جیتے، بیڈمنٹن(بوائز) ٹیم ایونٹ لاہور نے گوجرانوالہ کو 3-2سے ہرا کا گولڈ میڈل جیت لیا، گجرات نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ بیڈمنٹن(گرلز) ٹیم ایونٹ میں لاہور، ملتان اور راولپنڈی نے پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی، جوڈو کے ایونٹ میں لاہور نے سونے کے چار اور چاندی کاایک میڈلز جیت کر میدان مار لیا، فیصل آبادچاندی کے تین اور کانسی کے دو میڈلز جیت کر دوسرے جبکہ گوجرانوالہ سونے، چاندی اور کانسی کے ایک،ایک میڈلز جیت کر تیسرے نمبر پررہے،بیڈمنٹن اور جوڈو کے فاتحین کو مہمان خصوصی ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی مدثر ریاض ملک اور ڈائریکٹر ایڈمن سید عمیر حسن نے ٹیبل ٹینس کے فاتح کھلاڑیوں کو میڈلز پہنائے،کھلاڑیوں نے مہمان خصوصی ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی مدثر ریاض ملک اور ڈائریکٹر ایڈمن سید عمیر حسن کے ساتھ گروپ فوٹوز بھی بنوائے۔