ولڈ ماسٹرز ٹینس ، پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر 2 ٹائٹل جیت لئے 

Jan 30, 2023

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کے آئی ٹی ایف سینئرز چیمپئن رشید احمد ملک نے نئی دہلی، بھارت میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت اور فن لینڈ کے کھلاڑیوں کو شکست دے کر آئی ٹی ایف ورلڈ ماسٹرز 55پلس سنگلز اور ڈبلز ٹائٹل جیت لئے۔55پلس سنگلز کے فائنل میں، بھارت کے سیکنڈ سیڈ پال ورگیس کو 6-2، 6-0 سے شکست دی۔ رشید ملک جو کہ گزشتہ روز گروئن انجری میں مبتلا تھے اپنے ہم وطنوں کی کوششوں سے اس انجری پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے اور اپنے ٹاپ سیڈ بھارتی حریف کو شکست دے کر سنگلز کا ٹائٹل جیت لیا۔رشید ملک نے 55پلس ڈبلز کے فائنل میں عمران احمد صدیق کیساتھ شراکت داری کرتے ہوئے، فن لینڈ کے جواکم برنر اور مارکو پیئرٹولا کی جوڑی کو 6-4، 6-4 سے مات دے کر ڈبلز ٹائٹل اپنے نام کیا۔ رشید ملک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے میں بھارت میں آئی ٹی ایف ورلڈ ماسٹرز 55پلس سنگلز اور ڈبلز ٹائٹل جیتنے کے اس اعزاز کیلئے اللہ تعالی کا شکر گزار ہوں۔ اب میری توجہ اور ہدف آئی ٹی ایف سینئرز کا عالمی ٹائٹل ہے۔ میں سخت ٹریننگ اور محنت کر رہا ہوں اور میں اپنے ملک کیلئے عالمی ٹائٹل جیتنے کیلئے پر امید ہوں۔میں اپنے سپانسرز علی ایمبرائیڈری ملز اور اس کے سی ای او طارق زمان کا بھی مشکور ہوں خاص طور پر انکی حمایت کیلئے جس نے مجھے بھارت میں آئی ٹی ایف سینئرز ٹائٹل جیتنے میں مدد کی۔ میں آئی پی سی کے وزیر احسان الرحمان مزاری کا بھی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے میرے فائنل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اللہ کا شکر ہے کہ میں 55پلس سنگلز اور ڈبلز دونوں ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوا۔

مزیدخبریں