عوام کو ریلیف دینے کے بجائے پیٹرول بم گرایا گیا‘ سردار رحیم


کراچی (این این آئی) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے)کے اطلات سیکریٹری سردار عبدالر حیم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کرنے کو عوام دشمن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے مشکل حالات میں ریلیف دینے کے بجائے عوام کو مزید مہنگائی کی دلدل میں ڈال دیا ہے یہ بات انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کی۔ سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ کرپٹ اتحادی حکومت اپنی شاہ خرچیاں اور عیاشیاں کم کرنے کے بجائے عوام پر مہنگائی کا بم گرا رہی ہے سردار عبدالرحیم نے مزید کہا کہ حکمرانوں کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا کر عوام سے روٹی کا نوالہ چھینا جارہا ہے انہوں نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت نے پاکستانی عوام کو آئی ایم ایف کی بارودی سرنگوں پر دھکیل دیا ہے نااہل اتحادی سرکار نے غریب مارنے کے لئے عملی اقدامات شروع کردئیے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ کرپٹ اور نااہل حکومت کے نیب زدہ وزرا اپنی کرپشن کا بوجھ عوام پر ڈال رہیے ہیں ڈالر اور سونا بھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر آسمان سے باتیں کرنے لگا ہے۔ سردار عبدالرحیم نے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔ انہوں نے کوئٹہ جانے والی مسافر کوچ حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔
سردار رحیم

ای پیپر دی نیشن