اسلام آباد(خبرنگارخصوصی) آل پاکستان انجمن تاجراں اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ، سیکرٹری جنرل میر یاسین مینگل۔ سیکرٹری اطلاعات اور کنونیئر ٹریڈرز کمیٹی آئی سی سی آئی خالد چوہدری، جناح سپر مارکیٹ کے صدر اسد عزیز، بہارہ کہو انجمن تاجراں کے مرکزی صدر راجہ زاہد دھنیال،پی ڈبلیوڈی کے صدر چوہدری ریاست علی۔ ایف ٹین مرکز کے صدر احمد خاں، جی ٹین مرکز کے صدر عابد عباسی سٹیل مارکیٹ کے صدر عرفان چوہدری ، ستارہ مارکیٹ کے صدر سید الطاف حسین شاہ ،بلیو ایریا کے چیرمین یوسف راجپوت اور آب پارہ کے جنرل سیکرٹری اختر عباسی نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے معیشت میں بہتری لانے کی بجائے تین ماہ میں مزید برباد کر دیا ھے اور ڈالر اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں ظالمانہ اضافہ کر دیا ہے جو کہ تا جر برادری کو قطعی طور پر منظور نہیں اس کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔ آئندہ چند روز میں مہنگائی میں اتنا اضافہ ہوگا کہ عام آدمی اور تنخواہ دار طبقہ دو وقت کی روٹی کو ترس جائے گا ۔ جبکہ اگر بجلی اور گیس کی قیمتیں میں اضافہ کیا گیا تو زندگی عذاب بن جائے گی اور اضافہ کے خلاف تاجر برادری سخت احتجاج کرے گی۔ وزیروں کی فوج اور سرکاری افسران کو مفت بجلی اور پیٹرول کی سہولت فوری طور پر واپس لی جائیں اس سے مزید ٹیکس لگانے کی ضرورت ہے نہ رہے گی۔ آئندہ ہفتہ صورتحال پر غور کرنے کے لئے ٹریڈرز ایکشن کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت آئندہ ہفتے منی بجٹ کے ذریعے مزید نئے ٹیکس لگانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اگر مفت سہولیات ختم کر دی جائیں تو نئے ٹیکس لگانے کی ضرورت نہیں ہو گی۔