پیٹرولیم قیمتوں میںاضافہ سراسر ظلم ، واپس لیا جائے 

Jan 30, 2023

کراچی(این این آئی)امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف اور ورلڈبنک کی ڈکٹیشن و قرضوں کی معیشت نے عوام کو بدحال اور ملک کو تباہی کے دہانی پر پہنچا دیا ہے،یک مشت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ عوام پر ظلم اور زندہ رہنے کا حق بھی چھیننے کے مترادف ہے۔ ملکی خسارے کا سارا بوجھ عوام پر ڈالنے کی بجائے حکمراں ٹولا اپنی عیاشی ختم اور سادگی و کفایت شعاری کی پالیسی اپناکر ملک کو مزید بحران سے بچائے۔ سودی معیشت کے خاتمے اسلامی نظام کے نفاذ میں ہی تمام مسائل کا حل ہے۔ ملک بھر ے علماء و مشائخ  کے پیر صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی،پیر حاجی قدیر،پیر زادہ ایم امین، پیر زادہ محمداکرم رضابغدادی، پیر عبدالقادرجیلانی،پیر ارشدقمر، پیر غلام رسول اویسی، پیر محمودفریدالدین، پیرزادہ محمدامین قادری،پیر سید علی رضاگیلانی، پیر سید اظہر اقبال شاہ، پیر سید اسلم شاہ بخاری، صاحبزادہ پرویز اکبر ساقی، پیر شہوارعثمانی، ڈاکٹرطارق شریف زادہ، پیر حسنی مبارک، پیر عاصم مصطفیٰ سہروردی، پیر فضل حق اویسی،پیر سید علی رضا شاہ گیلانی،ڈاکٹر طارق شریف زادہ،پیر اختر رسول قادری پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کیلئے نظام مصطفیٰ ﷺ کا نفاذ ناگزیر ہے،علماء و مشائخ 27 رمضان المبارک سے ملک بھر میں نفاذ نظام مصفیٰ ﷺ کی تحریک چلائیں گے جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے پی ڈی ایم حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربااضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکمران آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر عوام کو زندہ دفن کرنے کے عوام دشمن پر تیزی سے عملدرآمد کررہے ہیں،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں35روپے اضافہ سراسر ظلم اور غریب عوام کا معاشی قتل عام ہے،اسحاق ڈار سمیت حکومتی معاشی ٹیم نے ملک کو تباہی کے کنارے اور عوام سے زندہ رہنے کا حق بھی چھین لیا ہے، مریم نواز کی واپسی کے بعد عوام پر پیٹرول بمباری سے حکمرانوں کی عوام دشمنی عیاں ہوچکی۔ گیس،بجلی،پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد منی بجٹ کے ذریعے مزید750ارب روپے کے نئے ٹیکس لگاکر مہنگائی اور بیروزگاری کے مارے ہوئے عوام پر ڈرون حملہ کیا گیا ہے،پیٹرول کی قیمت میں اضافہ اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ حکومت کی معاشی ٹیم مکمل طور پر ناکام ثابت ہوچکی ہے، عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کی بجائے پی ڈی ایم حکومت استعفیٰ دے۔انہوں مزید کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 35 روپے بڑھانا  ظلم ، ایک لیٹر پٹرول کی قیمت 265 روپے ہو گئی، عوام کیسے زندہ رہیں گے؟ غریب آدمی کہاں جائے؟ گھر کا نظام کیسے چلائے؟ بچوں کو روٹی کیسے کھلائے؟ تجربے کار اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے دعویداروں نے عوام سے زندہ رہنے کا حق بھی چھین لیا ہے۔عوام نااہل، کرپٹ اور آئی ایم ایف کے غلام حکمرانوں سے نجات سمیت پاکستان کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیلنے والی حکومت سے نجات کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ چیئرمین سندھ یونائیٹڈ پارٹی و کنوینر سندھ ایکشن کمیٹی سید جلال محمود شاہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کے ستائے عوام پر بہت بڑا ظلم ہے۔ یہ مہنگائی نہیں تباہی ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے آفٹر شاکس عوام کو لگنا شروع ہوچکے ہیں۔قوم کا پیسہ لوٹ کر باہر جائیدادیں بنانے والوں کو این آر او دے دیا گیا ہے جو کہ شرم ناک ہے۔ کراچی سے جاری بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ کرپٹ ٹولوں نے ملک کی معیشت تباہ کر دی ہے۔ کرپٹ حکومت اپنی کرپشن کا بوجھ  عوام پر ڈال رہی ہے۔ حکومت کی کرپشن اور نااہلی کے باعث ملک کی معیشت دیوالیہ ہونے کے قریب یے اگر فوری اقدامات نہ کئے گئے تو ملک کو بہت بڑا نقصان ہو گا 

مزیدخبریں