غزہ+ قاہرہ (انٹرنیشنل ڈیسک+ نوائے وقت رپورٹ) اسرائیل نے غزہ میں اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی کے پناہ گزین سکول پر بمباری کی‘ 10 فلسطینی شہید ہو گئے۔ مقبوضہ مغربی کنارے میں صیہونی فوجیوں نے فائرنگ‘ شیلنگ کی جس سے ایک فلسطینی شہید‘ متعدد کو گرفتار کر لیا گیا۔ حزب اﷲ نے شمالی اسرائیل میں فوجی اڈے پر ٹینک شکن میزائل مارے۔ سعودی عرب اور مصر کے وزراء خارجہ نے فلسطین کی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں فوری جنگ بندی اور متاثرین تک امداد کی بلا رکاوٹ ترسیل کا مطالبہ کردیا۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کے حماس کی حمایت کرنے کے الزام پر امریکا، برطانیہ اور جرمنی سمیت دیگر مغربی ممالک نے اقوام متحدہ کے ادارے اونرا کی فنڈنگ روک دی۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان مصر کے دورے پر پہنچے اور اپنے ہم منصب سے ملاقات کی جس میں فنڈنگ کی بندش سے 20 لاکھ فلسطینی پناہ گزینوں کی امداد رک جانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ نے فنڈنگ کی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پناہ گزین فلسطینیوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔ غزہ میں جنگ بندی پر زور دیتے کہا دو ریاستی حل کے بغیر تنازع ختم نہیں ہوگا۔ اسرائیلی فوج نے شام کے شہر دمشق میں ایران نواز ملیشیا کے ٹھکانے پر میزائل حملہ کیا۔ عرب میڈیا کے مطابق میزائل حملے میں 6 افراد ہلاک ہو گئے۔ اسرائیلی حملے میں ہلاک افراد میں ایرانی حمایت یافتہ جنگجو بھی شامل ہیں۔ ترجمان وائٹ ہاؤس نے واضح کیا اسرائیل کو اسلحہ فراہمی کی پالیسی میں تبدیلی نہیں آئی۔ امریکی ایوان نمائندگان کی سابق سپیکر نینسی پلوسی نے غزہ میں جنگ بندی کے حق میں اور فلسطینیوں کی شہادتوں کیخلاف بڑھتے احتجاج کے پیچھے روسی رابطوں کا شبہ ظاہر کیا ہے۔ کہا ایف بی آئی کو تحقیقات کرنی چاہئے۔ فلسطینی وزیراعظم اشتیہ نے کہا اسرائیل اونرا کیخلاف مہم چلا رہا ہے۔ یورپی کمشن نے بھی 7 اکتوبر پر حملوں میں یورپین امدادی ایجنسی کارکنوں کے ملوث ہونے کے اسرائیلی الزام کے بعد امدادی ایجنسی کی امداد روک دی۔ نیتن یاہو نے الزام لگایا 13 کارکن 7 اکتوبر کے حملوں میں ملوث ہیں۔ مقبوضہ بیت المقدس میں ایک کنونشن کے دوران سینکڑوں یہودی آباد کاروں نے مطالبہ پیش کیا غزہ میں یہودی آباد کاری ازسرنو کی جائے۔
غزہ: سکول پر بمباری، 10فلسطینی شہید: شام، اسرائیلی حملے میں 6جنگجو جاں بحق
Jan 30, 2024