پنجاب میں نمانیا کے حملے نہ رک سکے، مزید 3بچے جان سے گئے، 801نئے کیس

Jan 30, 2024

لاہور (این این آئی) پنجاب میں نمونیا سے اموات نہ رک سکیں۔ 24گھنٹوں کے دوران مزید 3بچے نمونیا کے باعث دم توڑ گئے۔ محکمہ صحت کے مطابق نمونیا سے جاں بحق بچوں کی عمریں 3ماہ سے 4سال کے درمیان ہیں۔ جن میں راولپنڈی سے 2 اور لاہور سے ایک بچہ شامل ہے۔  24گھنٹے کے دوران مزید 801 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ لاہور سے چوبیس گھنٹے میں 211مریض نمونیا میں مبتلا ہوئے۔ صوبے میں رواں برس کے پہلے مہینے میں ہی 15331بچے نمونیا کا شکار ہوئے۔ نمونیا نے سات روز کے دوران 79 پھولوں کی زندگیاں مسل دیں۔ رواں برس اب تک 261 بچے جاں بحق ہوچکے ہیں۔ دریں اثناء پاکستان میں ہوائوں کا نیا مغربی سسٹم داخل ہونے سے کراچی میں بارش برس پڑی۔ شہر قائد کے مضافاتی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بحریہ ٹاؤن، ایم نائن میں ہلکی بارش جبکہ سرجانی کے اطراف بوندا باندی ہوئی۔ شہر میں بھی ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے جبکہ شہر میں فی الحال تیز بارش کا کوئی امکان نہیں۔ اس سلسلے سے آج منگل کی رات تک بارش کا امکان ہے۔ نیلم ویلی سے آئی این پی کے مطابق ضلعی ہیڈ کوارٹر اٹھ مقام وگردونواح میں بارش ہوئی۔ جبکہ سیاحتی مقامات لوات بالا کارکہ دودنیال اڑانگ کیل تا بٹ اور جاگراں میں برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ برفباری اور بارشوں سے بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ انتظامیہ کی جانب سے شہریوں اور سیاحوں کو رات کے وقت غیرضروری سفر سے اجتناب کی ہدایت کی گئی ہے۔  

مزیدخبریں