اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ یہ ایک خوش آئند قدم ہے کہ عدالت کو اظہار رائے کی آزادی کا علم ہے، پی ٹی اے نے پاکستان تحریک انصاف کی ویب سائٹ بند کردی، اس بندش کا بھی نوٹس لیا جائے۔ بابراعوان نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیل ٹرائل اقوام متحدہ کے انسانی حقوق چارٹر کی خلاف ورزی ہے، سپریم کورٹ کی طرح بانی پی ٹی آئی کا جیل ٹرائل بھی پبلک کیا جائے۔ بانی پی ٹی آئی کے مقدمہ میں انصاف کا قتل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف ملک نہیں صرف اپنا کاروبار سنبھال سکتے ہیں، نوازشریف کے وزیراعظم بننے کا کوئی چانس نہیں۔ بانی پی ٹی آئی کیخلاف فیصلہ لینے کی کوشش کی جارہی ہے، ابھی تک بھٹو کا مقدمہ نظام انصاف پر داغ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ بانی پی ٹی آئی کا کینگرو ٹرائل بند کیا جائے۔ آزادانہ اور منصفانہ الیکشن ہی سب مسائل کا حل ہے۔ بابر اعوان نے نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو سات منٹ کی تقریر کر کے راولپنڈی لیاقت باغ سے بھاگنا پڑا۔ فیئر الیکشن ہونا چاہئیں۔ نتیجہ ووٹ ڈالنے والوں کے مطابق آنا چاہئے۔ ووٹ گننے والوں کے مطابق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف پاکستان آئے تو انہیں سفید جھنڈی دی گئی تھی۔ اب نواز شریف کیلئے لال جھنڈی ہے۔ اب نواز شریف کا کہنا ہے کہ وزیراعظم بننے نہیں بلکہ الیکشن لڑنے آیا ہوں۔
جیل ٹرائل انصاف کا قتل‘ نواز شریف کیلئے جھنڈی سفید سے سرخ ہو گئی: بابر اعوان
Jan 30, 2024