لاہور (نامہ نگار) سابق گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ انتظامیہ سے درخواست ہے کہ لیول پلئنگ فیلڈ دے اور کتنی ایف آئی آرز دینگے؟ وہ پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب سیکرٹریٹ میں اسلامی جمہوری اتحاد کے سربراہ علامہ سے زبیر احمد ظہیر، چودھری اسلم گل اور ذوالفقار علی بدر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری سرور نے کہا کہ میری ذاتی رائے ہے کہ بلاول بھٹو بہترین وزیر اعظم ثابت ہونگے۔ امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ باقاعدہ مشاورت کے بعد مرکزی جمعیت اہلحدیث اور اسلامی جمہوری اتحاد نے پیپلز پارٹی کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کو این اے127سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ اہل لاہور پر احسان ہے۔ ن لیگ کی سازشوں سے ملک کو بچانے کے لیے پیپلز پارٹی کا ملک بھر میں ساتھ دینگے۔ چودھری اسلم گل نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی گرفتاری بزدلی ہے۔ ن لیگ کی ایسی حرکتیں قابل قبول نہیں، ن لیگ ایسی حرکتیں کرے گی تو پیپلز پارٹی کے کارکن صبر نہیں کرینگے۔ اس موقع پر عثمان ملک، میاں ایوب، نیلم جبار، فاروق یوسف گھرکی، میاں عتیق اور دیگر شریک تھے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ذوالفقار علی بدر نے کہا کہ گرفتاری قبول نہیں کرینگے۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ این اے127کی سڑکیں بلاک کیں تو ذمہ دار آپ ہونگے،الیکشن کمشن سی سی پی او اور متعلقہ پولیس افسران کی حرکتوں کا نوٹس لے۔
انتظامیہ لیول پلیئنگ فیلڈ دے‘ بلاول بہترین وزیراعظم ثابت ہونگے: چودھری سرور
Jan 30, 2024