سابق حکمران مزید باریاںمانگ رہے، ان کی جگہ جیل ہونی چاہئے: سراج الحق

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے دورِ حکومت میں کسی وزیر، مشیر، سیاستدان، گورنر، بیوروکریٹ کو دس مرلہ سے بڑا گھرنہیں ملے گا۔ عوام کا پیسہ حکمران اشرافیہ کے پروٹوکول پر خرچ ہو رہا ہے۔ ملک 80ہزار ارب کا مقروض ہے، دوکروڑ لوگ بے گھر ہیں اور صدر، وزیراعظم، گورنرز، بیوروکریسی ایکڑوں پر مشتمل محلات میں رہائش پذیر ہے۔ انگریز کے نظام کو بدلنا ہوگا، عوام ترازو پر مہر لگائیں، ہم انہیں اسلامی نظام دیں گے۔ کرپٹ حکمرانوں کا بے لاگ احتساب ہو گا۔ سابقہ حکمران حساب دینے کی بجائے مزید باریاں مانگ رہے ہیں۔ ان کی جگہ ایوانوں میں نہیں، جیل میں ہونی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوٹ مومن سرگودھا میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیدوار قومی وصوبائی اسمبلی اویس قاسم، رانا عمرفاروق، اسداللہ، ڈاکٹر مبشر، زبیر گوندل، عامر چیمہ، عبدالمنعم اور دیگر قائدین بھی اس موقع پرموجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ ملک کو نواز دو کی باتیں کرنے والے جان لیں کہ عوام کو کسی نواز کی نہیں تعلیم، صحت، روزگار کی ضرورت ہے۔ جتنا نقصان دو خاندانوں نے پاکستان کو پہنچایا اتنا امریکیوں نے دوسری جنگ عظیم میں جاپان کو نہیں پہنچایا تھا۔ یہ کم ازکم چالیس سالوں سے ملک پر مسلط ہیں، ایک شخص تین دفعہ وزیراعظم رہ کر چوتھی بار کرسی مانگ رہا ہے۔ دوسرا شہزادہ کہتا ہے کہ ان کے نانا، والدہ وزیراعظم تھے تو اقتدار ان کا بھی حق ہے۔ پی پی چیئرمین اور ن لیگ کی نائب صدر چند ماہ قبل بہن بھائی تھے، اب عوام کو نوراکشتی دکھائی جا رہی ہے۔ اہل سرگودھا سمیت ملک بھر کے ووٹرز سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ الیکشن میں ان کے پاس برہمن، شودر کی تقسیم کرنے کا بہترین موقع ہے۔ عوام کو شودر سمجھنے والے سیاسی برہمنوں، ظالم جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں سے نجات کے لیے ضروری ہے کہ لوگ 8فروری کو ترازو پر مہر لگائیں۔ صرف جماعت اسلامی ہی ملک میں حقیقی تبدیلی لاسکتی ہے۔ ہم نے اقتدار میں نہ ہوتے ہوئے بھی عوام کی ہر مشکل وقت میں مدد کی۔ فلسطینیوں کے لیے ایک ارب چالیس کروڑ اکٹھا کیا، نام نہاد بڑی پارٹیوں کے لیڈران نے امریکہ کے خوف سے اسرائیلی مظالم پر کوئی احتجاج نہیں کیا۔ انہوں نے مل کر کشمیر کا سودا کیا، یہ ڈاکٹر عافیہ کو امریکہ کے حوالے کرنے اور ریمنڈ ڈیوس کو باعزت رہائی دینے والوں میں ہیں۔ جماعت اسلامی کامیاب ہوکر اہل فلسطین اور کشمیر کا مقدمہ پوری طاقت سے لڑے گی، ڈاکٹر عافیہ کو رہائی دلا کر واپس لائیں گے۔ امیر جماعت نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ پر 15برس حکومت کی، آج بھی وہاں سکولوں پر وڈیروں کے قبضے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...