اسلام آباد (اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+جنرل رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میں ثابت کر سکتا ہوں کہ آج ملک میں جو غربت اور بے روز گاری ہے، یہ نواز شریف کی وجہ سے ہے، شہباز شریف کی اس میں کوئی غلطی نہیں ہے۔ ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہباز شریف نے نواز شریف کی وجہ سے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے میں تاخیر کی، شہباز شریف کے پاس موقع تھا کہ وہ پاکستان کی معیشت درست کر سکتا تھا لیکن وہ میاں صاحب سے آزاد نہیں تھا، ہر فائل کو منظور کر نے کے لیے لندن سے اجازت لینا پڑتی تھی۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان کی اکثریت میاں صاحب کو نہیں دیکھنا چاہتی، ہو سکتا ہے کہ ہماری حکومت بن جائے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سب سے زیادہ تکلیفیں پیپلز پارٹی پر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ پرانی سیاست اور سیاستدانوں کو ہٹانے کی جدوجہد کر رہا ہوں، ہمارے الیکشن میں ہر دفعہ دھاندلی ہوئی ہے، جو بھی وزیراعظم بنے میں چاہوں گا کہ میں اس کو تسلیم کروں، انہوں نے کہا کہ جو بھی کوئی ن لیگ کا بندہ یا پی ٹی آئی کا کارکن پیپلز پارٹی میں شامل ہو تا ہے اسے گرفتار کر لیا جاتا ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ نئی سوچ کا انتخاب کریں ۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے شہادتیں دی ہیں، باقی سارے اپنی انگلی کٹوا کر شہادت کا رتبہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ نفرت اور تقسیم کی سیاست جو بانی پی ٹی آئی نے کی وہ میاں صاحب نے چھوڑی اور اب دوبارہ شروع کر لی ہے، اس نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ختم کرنا چاہتا ہوں۔ بانی پی ٹی اور میاں صاحب نے سیاست کو ذاتی دشمنی بنا لیا ہے، ان کا خیال ہے کہ جو ان کے ساتھ ہے وہ ٹھیک ہے، جو نہیں وہ غدار ہے،بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میاں صاحب کے ساتھ مل کر کام کرنا میرے لیے بہت مشکل ہو گا۔ جب میاں صاحب کی اپنی حکومت تھی تو ان کو کہا کہ نیب کو بند کریں لیکن یہ نہیں مانے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ن لیگ جانتی ہے اکثریت نہیں چاہتی کہ میاں صاحب چوتھی بار وزیر اعظم بنیں، سندھ میں مناظرے کا چیلنج میں نے قبول کیا، میاں صاحب کیوں ڈر رہے ہیں؟ شہباز شریف خیر پور، سکھر، کراچی کے ہسپتال کے باہر بھی چاہیں تو ڈیبیٹ کر لیں، پنجاب میں مجھے لوگوں کا اچھا ریسپانس ملا ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں "چنو نئی سوچ کو" کے موضوع پر خطاب اور سوال و جواب کے سیشن میں شرکت کی ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ و پیپلز پارٹی کا مقصد نجی شعبے کے ساتھ مل کر ملک بھر کے ہر ضلع میں گرین انرجی پارکس بنانا ہے۔ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) کی جانب کے مقابلے کیلئے پی پی نے اپنے 18 فیصد ٹکٹ نوجوانوں کو دیے ہیں۔ ملک کی آنے والی نسلوں کو ان جماعتوں کے فیصلوں کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا ۔چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ہیڈکوارٹر مکتب تشیع علی مسجدراولپنڈی میں سربراہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ علامہ آغا سید حسین مقدسی سے ملاقات کی اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ مسائل کا بحران سب جماعتوں کے مل کر کام کرنے سے حل ہوگا،میں پاکستانی عوام کی طرح میاں صاحب کی تقریریں نہیں سنتا،پیپلز پارٹی کے کارکنان کو حراساں کیا جا رہا ہے،پی ٹی آئی کے کارکن پیپلز پارٹی کو جوائن کرتے ہیں ان کو نو مئی یاد آ جاتا ہے،جمہوریت تو رہا نہیں ن لیگ کھلا میدان چاہتی ہے،کیا میرے کارکنان نے نو مئی کیا۔
نوازشریف غربت، بیروزگاری کی وجہ، شہباز کی غلطی نہیں، ن لیگ کو ڈر کیا، جیالوں کے پیچھے کیوں پڑی: بلاول
Jan 30, 2024