پہلے فلوٹنگ سولر پر اجیکٹ کی تعمیرکیلئے واپڈا کی جانب سے بنکاک میں روڈ شو

Jan 30, 2024

اسلام آباد(خبرنگار)پاکستان میں 300 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے حامل پہلے فلوٹنگ سولر پر اجیکٹ کی تعمیر کے لئے واپڈا کی جانب سے بنکاک میں روڈ شو کا انعقاد کیا گیا۔ روڈ شو کا مقصد فلو ٹنگ سولر منصوبوں میں مہارت رکھنے والی کمپنیوں کو مذکوہ پراجیکٹ کی بڈنگ میں شمولیت کے لئے راغب کرنا تھا۔روڈ شو میں عالمی شہرت یافتہ 50 کمپنیوں سے وابستہ 58 ماہرین نے شرکت کی۔ چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی(ریٹائرڈ)،تھائی لینڈ میں پاکستانی سفارت خانہ کے چارج ڈی افیئرز یاسر حسین، ورلڈ بنک کے نمائندگان، سینئر واپڈا آفیسرز اور پراجیکٹ کنسلٹنٹس بھی روڈ شو میں موجود تھے روڈ شو میں شرکت پر وفود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ فلوٹنگ سولر پراجیکٹ میں شفاف انٹرنیشنل بڈنگ کے ذریعے کارو بار کے شاندار مواقع موجود ہیں۔ واپڈا مالی طور پر مستحکم ادارہ ہے اور پانی اور بجلی کے شعبوں میں بڑے منصوبوں کی کامیاب تعمیر کا کئی عشروں پر محیط تجربہ رکھتا ہے۔ واپڈا پاکستان میں اپنی نوعیت کے پہلے فلوٹنگ سولر پراجیکٹ کی تعمیرکے لئے دنیا کی بڑی تعمیراتی کمپنیوں کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہے۔ہمیں امید ہے کہ یہ پراجیکٹ پاکستان اور واپڈا کا ایک اور کامیاب منصوبہ ثابت ہوگا۔چیئرمین واپڈا نے کہا کہ اِس منصوبے کی سائیٹ محفوظ ہے اور سائیٹ تک رسائی بھی نہایت آسان ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اِس منصوبے کیلئے بڑی تعداد میں عالمی تعمیراتی کمپنیاں اپنی بڈز جمع کروائیں گی بعدازاں واپڈا کے ممبر(فنانس)، ممبر(پاور)اور جنرل منیجر (کوآرڈی نیشن اینڈ مانیٹرنگ)کے علاوہ پراجیکٹ کنسلٹنٹس نے روڈ شو کے شرکا کو واپڈا، اس کے مالی وسائل، عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ شراکت داری اور ترقیاتی منصوبوں سمیت300میگاواٹ سولر پراجیکٹ کی فنانشل، ٹیکنیکل اور بڈنگ کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ مزید برآں چیئرمین واپڈا اور سینئر آفیسرزنے شرکا کے مختلف سوالات کے جوابات بھی دیئے

مزیدخبریں