گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )سابق وفاقی وزیر و امیدوار این اے 78 انجینئر خرم دستگیر خان،امیدوار پی پی 61 عمران خالد بٹ نے کہا ہے کہ شہیدوں کی یاد گاروں پر حملے کرنیوالے محب وطن اور سیاستدان نہیں ہوسکتے۔ملک نفرت، انتقام اور کٹوں وچھوں کی بجائے محنت سے چلتے ہیں۔پاکستان مسلم لیگ ن ترقی خوشحالی اور عوام کے حقوق کی ضامن جماعت ہے۔پاکستان کے عوام عمرانی ٹولہ کی نااہلی و نالائقی کا خمیازہ آج تک بھگت رہے ہیں۔پاکستان کے غیور عوام ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنیوالے نواز شریف کو ایک مرتبہ پھر وزیر اعظم بنائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے انتخابی حلقہ پپلی والا میں سابق یوسی چیئرمین چوہدری ارشاد گورائیہ، چوہدری طارق گورائیہ کے زیر اہتمام منعقدہ انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پپلی والے کے سابق چیئرمین ،سابق بلدیاتی نمائندوں سمیت تمام برادریوں نے مسلم لیگی امیدواروں کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ کی کامیابی کیلئے بھرپور کردار ادا کرنے کا اعلان کیا۔
یاد گاروں پر حملے کرنیوالے محب وطن نہیں ہوسکتے: خرم دستگیر خان
Jan 30, 2024