کراچی اسٹاک مارکیٹ میں نئے کاروباری ہفتے کا آغاز مندی کے ساتھ ہوا۔ ٹریڈنگ کے دوران لکی سیمنٹ، آدم جی انشورنس کمپنی کے شئیرز سمیت انرجی اور فرٹیلائزر سیکٹر میں شئیرز کی فروخت نے مارکیٹ کی مندی کو برقرار رکھا اورکے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس پندرہ پوائنٹس کمی کے بعد چودہ ہزار پانچ سو بارہ پوائنٹس پر بند ہوا تاہم بینک الفلاح اور ڈی جی خان سیمنٹ کے شئیرز میں ایک کروڑ سے زائد کے لین دین کے سبب مجموعی کاروباری حجم آٹھ کروڑ شئیرز سے تجاوز کرگیا۔بروکرز کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں محدود کاروبار اور سیمنٹ اسٹاکس میں شئیرز کی فروخت نے آج مارکیٹ کا اختتام ریڈ زون میں کیا۔کاروبار کے اختتام تک تین سو گیارہ کمپنیوں کے حصص میں لین دین ہوا جن میں سے ایک سو تینتیس کمپنیوں کے شئیرز کی قیمت میں اضافہ اور ایک سو سترہ کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔ دوسری جانب لاہوراسٹاک مارکیٹ میںبھی آج مندی رہی اور ایل ایس پچیس انڈیکس آٹھ پوائنٹ کی کمی کے ساتھ تین ہزار چھ سو چھیالیس پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں چوراسی کمپنیوں کے بیس لاکھ انیس ہزار دو سو حصص کا کاروبار ہوا۔ سترہ کمپنیوں کے حصص میں اضافہ ،تیرہ کمپنیوںکے حصص میں کمی جبکہ چون کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔