لندن اولمپکس کے مینز ہاکی ایونٹ میں پاکستان اور سپین کے درمیان کھیلا گیا میچ ایک،ایک گول سے برابررہا۔

Jul 30, 2012 | 23:26

خصوصی رپورٹر

لندن کے ریوربینک ایرینا میں ایونٹ کے پول اے کے میچ میں پاکستان اور اسپین کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور ایک دوسرے کے گول پر تابڑتوڑ حملے کئےتاہم پہلےہاف کے اختتام تک کسی ٹیم کو کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔ دوسرے ہاف میں بھی سخت مقابلہ ہوا اور کھیل کے چھیالیسویں منٹ میں ریحان بٹ نے خوبصورت موو پر گول کرکے گرین شرٹس کو برتری دلا دی۔ لیکن سپین کے پاؤکیوماڈا نے اگلے ہی منٹ گیند کو جال کی راہ دکھا کر پاکستان کی برتری  ختم کردی۔

دوسری جانب پول اے کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو یک طرفہ مقابلے کے بعد چھ صفر سے شکست دی۔ آسٹریلوی کپتان جیمی ڈائر نے ہیٹرک سکور کی۔ ادھر پول بی میں جنوبی کوریا نے نیوزی لینڈ کو دوصفر سے ہرا کرتین قیمتی پوائنٹس حاصل کئے۔

مزیدخبریں