لاہور (سپورٹس رپورٹر) ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاری کے لئے پاکستان ہاکی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ ایک روز وقفہ کے بعد آج سے دوبارہ شروع ہو گا۔ ڈسپلن کی خلاف ورزی پر ٹیم سے نکالے جانے والے فاروڈ شکیل عباسی نے بھی کیمپ میں رپورٹ کر دی۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اختر رسول نے کیمپ کے حوالے سے نیا ضابطہ اخلاق جاری کر دیا جس میں کھلاڑیوں سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بے شک روزے رکھیں لیکن کیمپ میں بھرپور پریکٹس میں حصہ لیں تاکہ پاکستان ہاکی ٹیم ایشیا کپ میں اپنا ہدف حاصل کر سکے۔ اختر رسول نے کہا کہ پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں کا اعلان عید کے بعد کیا جائے گا ایسے کھلاڑیوں کو ٹیم کا حصہ بنایا جائے گا جو مکمل فٹ اور فارم میں ہونگے۔