اسلام آباد (آئی این پی) عوامی نیشنل پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر زاہد خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعتوں نے صدارتی انتخابات کا بائیکاٹ جمہوریت اور پارلیمنٹ کی مضبوطی اور بالادستی کیلئے کیا ہے۔ عدلیہ کی ہر معاملے میں ڈکٹیشن عوام کا اداروں پر سے اعتماد اٹھنے کا باعث بن رہی ہے۔ عدلیہ کی مداخلت پر پارلیمنٹرین خاموش رہے تو جمہوریت کا بوریا بستر گول ہوجائیگا۔ پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرسے ہوئے سینیٹر زاہد خان نے کہا کہ سیاست میں کبھی سیاسی جماعتیں سیاسی میدان اور مقابلوں سے باہر نہیں ہوتیں۔ پیپلزپارٹی ملک کی بڑی اور پرانی جماعت ہے جسے ماضی میں کوئی ختم کرسکا اور نہ ہی آئندہ اسے کوئی ختم کرسکتا ہے۔ صدارتی انتخابات کا شیڈول حکومتی درخواست پر تبدیل تو کردیا گیا لیکن جو جماعتیں انتخابات میں حصہ لے رہی تھیں ان سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی جو سراسر ناانصافی ہے۔ ہر معاملے میں مداخلت سے جہاں جمہوریت کمزور ہورہی ہے وہیں ملکی اداروں پر سے عوام کا اعتماد بھی اٹھنے کا باعث بھی بن رہی ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی نے جمہوریت کے بہترین مفاد اور اس کی مضبوطی کیلئے صدارتی انتخابات میں بائیکاٹ کا ساتھ دیا کیونکہ پیپلز پارٹی کے ساتھ زیادتی ہوئی۔
ہر معاملے پر ڈکٹیشن عوام کا اداروں سے اعتماد اٹھنے کا باعث بن رہی ہے خاموش رہے تو جمہوریت کا بستر گول ہوجائےگا: سنیٹر زاہد
Jul 30, 2013