مصری حکام نے قتل عام کرکے مجرم ہونے کا ثبوت دیا‘ ہیومن رائٹس واچ ۔۔۔ مرسی کے حامی آج ”ملین مارچ“ کریں گے

Jul 30, 2013

قاہرہ، نیویارک (نیوز ایجنسیاں + نمائندہ خصوصی) مصر کے معزول صدر محمد مرسی کے حامیوں نے لاکھوں افراد پر مشتمل مارچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ ملین مارچ کی کال کو سکیورٹی فورسز کی جانب سے مرسی کے حامیوں پر فائرنگ کے بعد سامنے آئی ہے جس میں 72 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ادھر جھڑپوں میں 15افراد مارے گئے۔ ہیومن رائٹس واچ کے ڈپٹی ڈائریکٹر ندیم نے مصری فوج کے ہاتھوں سینکڑوں ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے مصری حکام نے مظاہرین کا قتل عام کر کے مجرم ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ قاہرہ میں لوگوں کو ہدف بنا کر قتل کیا گیا، عبوری حکومت اور فوجی قیادت عوام پر براہ راست فائرنگ روکنے کا حکم دے۔ مفتی جامعہ الازہر نے کہا عبوری صدر نے وزیراعظم کو عام شہریوں کو گرفتار کرانے کا اختیار دے دیا۔ ایسے واقعات کی تحقیقات کی جائیں۔ یورپی یونین خارجہ امور کی سربراہ کیتھرین آشٹن آرمی چیف اور وزیر دفاع جنرل عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کیلئے قاہرہ پہنچ گئیں۔ ادھر وائٹ ہا¶س کے ترجمان نے فوج کے کریک ڈا¶ن کی مذمت کی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے نائب صدر البرادعی سے فون پر بات کرتے ہوئے کہا شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ بی بی سی کے مطابق مصر کے نئے وزیر خارجہ نبیل فہمی نے قاہرہ میں جھڑپوں کے بعد ضبط کی تلقین کی ہے۔ دریں اثنا عبوری صدر عدلی منصور نے وزیراعظم کو وہ اختیار تفویض کر دیا ہے جس کے تحت فوج کو عام شہریوں کو گرفتار کرنے کی اجازت مل جائے گی۔ بی بی سی کے قاہرہ میں نامہ نگار جم میور کہتے ہیں کہ یہ خطرناک علامت ہے اور اس کا مطلب یہ ہے کہ رابعہ العدویہ مسجد کے ارد گرد واقع احتجاجی کیمپ کے خلاف کریک ڈا¶ن شروع کیا جانے والا ہے۔ وزیر داخلہ محمد ابراہیم نے بار بار تنبیہ کی ہے کہ اس کیمپ کو ”جلد“ ہی منتشر کر دیا جائے گا لیکن مظاہرین اب بھی وہاں ڈٹے ہوئے ہیں۔مصر کے نائب صدر محمد البرادی نے سوموار کو یورپین یونین خارجہ پالیسی کی سربراہ کیتھرین آشٹن سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماﺅں نے مصر میں جاری سیاسی بحران کا پرامن حل نکالنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ صدارتی دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مصر کے نائب صدر البرادی نے کہا کہ مسئلے کا وہ حل قابل عمل ہو گا جس سے ملکی سلامتی اور ریاستی اداروں کو خطرہ نہ ہو۔ البرادی نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ سیاسی بحران حل کرنے میں تعاون کریں۔ کیتھرین آشٹن نے اسی روز ہی مصر کے وزیر خارجہ نبیل فہمی سے بھی ملاقات کی اور مصر کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ نبیل فہمی نے قومی مصالحت کی اہمیت پر زور دیا۔

مزیدخبریں