یعقوب میمن کو پھانسی ‘ سپریم کورٹ کے بعد بھارتی صدر نے بھی معافی کی اپیل مسترد کر دی

Jul 30, 2015

ممبئی (نیوز ڈیسک) بھارتی صدر پرناب مکھرجی نے ممبئی بم دھماکے کیس میں مجرم ٹھہرائے جانے والے یعقوب عبدالرزاق میمن کی اپنی سزائے موت دیئے جانے کے خلاف رحم کی اپیل مسترد کردی جس کے بعد یعقوب میمن کو آج اسکی 54 ویں سالگرہ کے روز ناگپور جیل میں صبح 7بجے تختہ دار پر لٹکا دیا جائیگا۔ اس سے چند گھنٹے قبل بھارتی سپریم کورٹ نے بھی سزائے موت کیخلاف یعقوب میمن کی اپیل مسترد کردی تھی۔ واضح رہے کہ یعقوب میمن کو 1993ءکے ممبئی بم دھماکوں کے کیس میں 2007ءمیں پھانسی کی سزا سنائی گئی تھی۔ ان دھماکوں میں 257 افراد ہلاک اور تقریباً 700 زخمی ہوئے۔ سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے بدھ کو قرار دیا کہ یعقوب میمن کی سزا کے اطلاق کیلئے جاری کئے جانے والے ڈیتھ وارنٹ اور مجرم کی نظرثانی پٹیشن کی سماعت میں کوئی تکنیکی خامی نہیں لہٰذا انہیں پھانسی دی جا سکتی ہے۔ اس سے قبل مہاراشٹر کی ریاستی حکومت پہلے ہی یہ اعلان کر چکی ہے کہ یعقوب میمن کو آج 30 جولائی کی صبح پھانسی دیدی جائیگی۔ واضح رہے ممبئی کے بم دھماکوں میں یعقوب میمن کا بڑا بھائی ٹائیگر میمن اصل ملزم ہے۔ بھارتی حکام دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ انڈر ورلڈ کے سرغنہ داﺅد ابراہیم کے ساتھ پاکستان میں ہے۔ جب سے یعقوب میمن کی پھانسی کی تاریخ کا اعلان کیا گیا ہے۔ بھارت میں اس بات پر شدید بحث چھڑ گئی ہے کہ انہیں ایک ایسے جرم کیلئے سزا دی جارہی ہے جس میں اصل کردار انکے بڑے بھائی ٹائیگر میمن نے ادا کیا تھا اور یعقوب میمن الزامات کا سامنا کرنے کیلئے خود اپنی مرضی سے بھارت واپس آئے تھے۔ سزا کی مخالفت کرنے والوں کا دعویٰ ہے کہ انہیں واپس لانے کیلئے ان سے کچھ وعدے کئے گئے تھے جن سے اسوقت کی نرسمہا راﺅ حکومت یا تفتیشی ایجنسیاں پیچھے ہٹ گئیں اور دغا کرتے ہوئے یعقوب میمن کو قربانی کا بکرا بنا دیا حالانکہ یعقوب میمن نے ان دھماکوں کی تحقیقات میں ایجنسیوں سے مکمل تعاون کیا تھا۔ مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے یعقوب میمن کو سزائے موت دیئے جانے کے فیصلے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یعقوب میمن کا کوئی سیاسی بیک گراﺅنڈ یا ان داتا نہیں اسلئے اسے پھانسی چڑھایا جارہا ہے جبکہ راجیو گاندھی کیس کے مجرموں کو بھرپور رعایت ملتی ہے۔ ادھر ناگپور میں جہاں یعقوب میمن کو پھانسی دی جارہی ہے، جیل اور اسکے اطراف ممبئی سمیت پورے مہاراشٹر میں سکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی۔
یعقوب میمن

مزیدخبریں