لاہور چیمبر نے 50لاکھ روپے سے فلڈریلیف فنڈ قائم کر دیا

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پچاس لاکھ روپے کی ابتدائی رقم سے سیلاب متاثرین کے لیے فلڈ ریلیف فنڈ قائم کردیا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز کے مطابق یہ فنڈ قائم کرنے کا مقصد سیلاب متاثرین سے اظہار یکجہتی اور اْن کی مدد کرنا ہے۔ انہوں نے لاہور چیمبر کے ممبران سے اپیل کی کہ وہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائیں ، تاجروں کو آفت کی اس گھڑی میں اہم کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ حکومت تنہا اس آفت سے نہیں نمٹ سکتی۔ اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اپنی سماجی ذمہ داریاں اسی جوش و خروش سے ادا کرتا رہے گا ، جب کبھی ملک پر کوئی آفت نازل ہوئی لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فوری طور پر متحرک ہوا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر نے ماضی میں زلزلہ اور سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے کروڑوں روپے کے فنڈز دئیے اور لیہ میں اْن کے لیے گھر تعمیر کرائے۔ اعجاز اے ممتاز نے لاہور چیمبر کے ممبران کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا انہوں نے متاثرہ بھائی بہنوں کی مدد کے لیے زیادہ سے زیادہ وسائل دیکر لاہور چیمبر کی حوصلہ افزائی کی۔

ای پیپر دی نیشن