اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں 47 سال پرانا لاہور اراضی کیس ایل ڈی اے کی جانب سے رقم ادائیگی پر نمٹا دیا گیا۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دئیے کہ آئین پاکستان میں ہے کہ فوری اور سستا انصاف فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، یہ ہمارا نظام انصاف ہے کہ 47 سال گزر چکے ہیں۔ اگر معاملے پر عدالت سوموٹو نہ لیتی تو یہ کیس مزید سو سال چلتا۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے لاہور میں واقع چار بھائیوں کی 3 کنال اراضی سے متعلق رانا محمد انور بنام ایل ڈی اے کیس کی سماعت کی تو ڈائریکٹر لینڈ لاہور نے عدالت کو بتایا کہ کیس 1968ء سے چل رہا تھا اب ایل ڈی اے نے 2 کروڑ 46 لاکھ، 80 ہزار روپے کا چیک دیا ہے جو درخواست گزار نے کیش بھی کروا لیا ہے، اس حوالے سے رانا محمد انور اور اس کے تین بھائیوں نے عدالت میں اس بات کا اقرار کیا کہ رقم مل گئی۔