داعش کیخلاف کارروائی‘ ترک کابینہ نے امریکہ اور اتحادیوں کو ہوائی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دیدی

Jul 30, 2015

انقرہ، برلن (رائٹرز+آن لائن) ترک کابینہ نے داعش کیخلاف کارروائی کے لئے امریکہ اور اتحادیوں کو ہوائی اڈے استعمال کرنے کی انڈرسٹینڈنگ کی باقاعدہ منظوری دیدی ہے۔ ترجمان وزارت خارجہ نے بتایا شمالی شام میں صرف داعش کے جنگجوؤں کو نشانہ بنایا جائیگا۔ کرد جنگجوؤں کیخلاف فضائی حمایت اس منصوبے میں شامل نہیں ہے۔ ادھر جرمن وزارت خارجہ کے ترجمان نے انتباہ کیا عراق میں کرد جنگجوؤں کیخلاف کارروائی کے ردعمل میں استنبول میں زیرزمین ایل نیٹ ورک اور بس سٹاپوں پر کرد علیحدگی پسندوں پر حملوں کا خدشہ ہے۔ ترکی میں کرد اکثریتی جماعت ایچ ڈی پی کے رہنما صلاح دین دہمیرتاش نے کہا ہے کہ ترکی کی جانب سے شمالی شام میں ’بفر زون‘ کے قیام کی تجویز دراصل کردوں کو اپنا ملک تشکیل دینے سے روکنے کی کوشش ہے ۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے صلاح دین دہمیرتاش کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں ترکی دولتِ اسلامیہ کے خلاف کارروائیوں کی آڑ میں ’پی کے کے‘ کے کرد باغیوں کے خلاف آپریشن کرنا چاہتا ہے ۔

مزیدخبریں