لاہور (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی لیگ کے انعقاد پر خطرات کے سائے منڈلانے لگے، ہر گزرتے دن کے ساتھ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی مشکلات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہاکی فیڈریشن کو لیگ کے انعقاد حکومت کی طرف سے گرین سگنل نہیں ملا۔ فیڈریشن کو ہاکی لیگ کے معاملات کو آگے بڑھانے کیلئے سکیورٹی کلیئرنس کے لئے حکومتی اداروں کے جواب کا انتظار ہے۔ صوبائی حکومت کے ذمہ دار بھی اس سلسلے میں زیادہ دلچسپی نہیں لے رہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اعلیٰ عہدیداروں کے لئے پریشانی وقت گزرنے کے ساتھ بڑھتی جارہی ہے۔ تمام اہم کام اور معاہدے سکیورٹی کلیئرنس سے مشروط ہیں، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اکتوبر میں ہاکی لیگ کے انعقاد کا اعلان کر رکھا ہے لیکن ابھی تک لاہور، فیصل آباد اور گوجرہ میں لیگ کے میچز کے لئے صوبائی حکومت کے ذمہ داروں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو تسلی بخشی جواب نہیں دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایچ ایف کے اعلیٰ عہدیدارا اس لیگ کو قومی کھیل کے مستقبل کے لئے اہم قرار دے رہے ہیں تاہم اب سکیورٹی کلیئرنس ملنے میں تاخیر کی وجہ سے منصوبے پر خطرات کے سائے گہرے ہوتے جا رہے ہیں۔ پاکستان ہاکی لیگ میں پانچ ٹیموں اور ہر ٹیم میں پانچ غیر ملکی کھلاڑیوں شامل کرنیکی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ کروڑوں روپے کی اس ہاکی لیگ کو پی ایچ ایف حکام ایک بڑا بریک تھرو سمجھ کر کام کر رہے ہیں۔ سکیورٹی کے حوالے سے اگر بروقت پیش رفت نہیں ہو سکی تو یہ قومی کھیل کیلئے ایک بڑا نقصان ہو گا۔
پاکستان ہاکی لیگ کے انعقاد پر خطرات کے سائے منڈلانے لگے
Jul 30, 2016