مظفرآباد (صباح نیوز) آزاد کشمیر کے نامزد وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ ہم اپنے انتخابی منشور میں کیے تمام وعدے پورے کریں گے اور عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی بھر پور کوشش کریں گے اگر ایسا نہ کر سکے تو آئندہ انتخابات میں ہمارا حشر پیپلز پارٹی سے بھی بدتر ہوگا۔ کرپشن پر زیرو ٹالرنس اور میرٹ کی بحالی میری اولین ترجیح ہے۔ آزاد کشمیر میں انتظامی ڈھانچے کی از سرنو بحالی بھی ترجیحات میں شامل ہے۔ صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولات کی فراہمی پر بھر پورتوجہ دی جائے گا۔ تحریک آزادی کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ ایک انٹرویو میں راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ کشمیری عوام نے پیپلز پارٹی کی سابق حکومت کو ناقص کارکردگی کی بنیاد پر مسترد کیا۔ اب عوام باشعور ہیں وہ کام کرنے والے لوگوں کو ہی پسند کرتے ہیں۔ مواصلات کے شعبے کو ترقی دی جائے گی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کریں گے۔ ٹورازم، توانائی منصوبوں کو فروغ دیا جائے گا۔ زراعت کے شعبے میں بہتری کے لیے کاشتکاروں کو سہولیات دی جائیں گی۔ کشمیری ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیںگے ۔آزاد کشمیر کی معاشی بحالی کے لیے ٹھوس حکمت عملی اپنائیںگے اس کے لیے وزیراعظم پاکستان کی رہنمائی حاصل کرتے رہیں گے نواز شریف نے آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کی آزاد کشیر کی تعمیر و ترقی میں گہری دلچسپی ہے ہم آزاد کشمیر میں ترقی کر کے دکھائیں گے انہوں نے کہا کہ اگر ہماری کارکردگی اچھی ہوئی تو اس کا 2018ءکے انتخابات پر مثبت اثر پڑے گا۔ راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ سابقہ حکومت کا احتساب عوام نے ووٹ کے ذریعے کر دیا۔ احتساب کے ادارے کو متحرک اور فعال بنائیں گے تاکہ ہماری حکومت شتر بے مہار نہ بن جائے۔ ہم فرسودہ نظام تبدیل کر کے بہترین حکومت کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مستحکم اور جمہوری پاکستان تحریک آزادی کی جان ہے۔
راجہ فاروق