ایبٹ آباد(نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمران ٹولہ اب بھی حقائق کو ماننے کیلئے تیار نہیں ہے اور عدالتی فیصلے کو بلڈوز کرنے پر تلے ہوئے ہیں پانامہ لیکس کا فیصلہ ابھی مکمل نہیں ہوا میں نے 436افراد کی لسٹ سپریم کورٹ میں جمع کروائی تھی ہم مسلم لیگ ن کے مینڈیٹ کے خلاف نہیں ہیں ہم کرپٹ مافیا کے خلاف سپریم کورٹ گئے تھے اگر آئین کی دفعہ62-63کا خاتمہ کیا گیا تو ہم اس کی بھر پور مزاحمت کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز ایبٹ آباد میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام یوتھ ونگ کے تین روزہ سیمنار سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ لینڈ مافیا، شوگر مافیا اور ڈرگ مافیا ہماری سیاست اور جمہوریت کو یرغمال بنا رکھا ہے جس کی وجہ سے ستر سال گزرنے کے باوجود ملک میں مہنگائی، بیروزگاری اور کرپشن اور منشیات جیسی لعنت چھائی ہوئی ہے اور کمیشن خور مافیا نے عوام کا خون چوس لیا ہے انہوں نے کہا کہ سراج الحق سے لیکر تمام سیاسی جماعتوں اور ان کے قائدین کے بلا تفریق احتساب کا مطالبہ کرتے ہیں تاکہ اس ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہو سکے انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف دوبئی میں بیٹھ کر باتیں کرنے کے بجائے ملک میں آکر مقدمات کا سامنا کرے ہم کسی شخص کے خلاف نہیں ہیں ہمارا ہدف کرپٹ عناصر ہیں انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے ہمارے مقدمے میں ابھی مکمل فیصلہ نہیں دیا کیونکہ ہم نے پانامہ لیکس میں ملوث436افراد کی لسٹ عدالت عالیہ کے سامنے رکھی تھی اب عدالت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان تمام لوگوں کا احتساب کرے انہوں نے کہا کہ اگر احتساب کو میاں نواز شریف تک محدود رکھا گیا تو لوگ اسے سیاسی انتقام قرار دیں گے اس لیئے سپریم کورٹ دیگر کرپٹ مافیا کے خلاف بھی جلد از جلد احتساب کا عمل شروع کرے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا ایجنڈا مفت تعلیم،مفت علاج، بیروزگار و بوڑھے افراد کو الائونس دینا اور بے گھر افراد کو چھت دینا ہے جس پر ہم عمل پیرا ہیں ہمارے پاس نوجوانوں کی شکل میں ایک ایٹم بم موجود ہے اگر اس کا صیح استعمال کیا جائے تو پوری دنیا میں ہمارا شمار صف اول کی قوموں میں ہو سکتا ہے مگر بد قسمتی سے ہم ان کی صلاحیتوں کو ضائع کر رہے ہیں اور انہیں آگے بڑھنے کا موقع نہیں دے رہے انہوں نے کہا کہ پاکستان دشمن قوتیں پاکستان میں سی پیک کے منصوبے کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں جس کو ہم ہرگز کامیاب نہیں ہونے دینگے یہ منصوبہ ہماری قسمت بدلنے کا سنہری موقع پر انڈیا اس کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑا ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے پاکستان چوروں، لٹیروں اور امریکہ کے یاروں کیلئے نہیں حاصل کیا تھا بلکہ ایک اسلامی اور فلاحی ریاست حاصل کی تھی جس میں سب کو انصاف اور آزاد رہنے کا حق حاصل تھا مگر یہاں پر چند ہزار کرپٹ لوگوں نے اسے یرغمال بنا رکھا ہے اور ایک اسلامی فلاحی ریاست نہیں بننے دیا گیا ہے
سراج الحق