ملک کو دوبارہ کرپشن میں جکڑنے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دینگے: عمران

اسلام آباد (صباح نیوز) عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو دوبارہ کرپشن کے شکنجے میں جکڑنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ بنی گالہ میں عمران کی زیرصدارت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس ہوا۔ جس میں قومی سیاسی منظرنامے کے مختلف پہلوئوں اور آئندہ کے امکانات کا مفصل جائزہ لیا گیا۔ حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں کے پاناما فیصلے پر موقف کے جائزے کی روشنی میں مختلف سیاسی آپشنز اور مسلم لیگ (ن) کی سیاسی و پارلیمانی حکمت عملی کے جوابی لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ اسکے علاوہ پارلیمان کے آئندہ اجلاس اور وزیراعظم کے ممکنہ انتخاب کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے ثمرات ضائع کرنے کی کوششوں کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔ عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی اور ہر پہلو سے قابل ستائش و اطمینان ہے، اس سے کرپشن کے خلاف صبر آزما جدوجہد کو اہم کامیابی میسر آئی ہے۔ کرپشن کے خلاف جدوجہد میں کسی بھی سطح اور نوعیت میں حصہ ڈالنے والوں کا کردار تاریخ میں زندہ و جاوید رہے گا، ہم پاکستان کو آگے بڑھانے اور نظام کی تطہیر آگے بڑھانے کیلئے پوری طرح تیار ہیں، بدلتے پاکستان کو دوبارہ کرپشن کے شکنجے میں جکڑنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، قوم کو ساتھ ملا کر پاکستان کی تعمیر کا ایجنڈا آگے بڑھائیں گے۔ علاوہ ازیں اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں شاہ محمود قریشی نے کہاکہ اجلاس میں پانامہ کیس کے فیصلے کو سامنے رکھتے ہوئے سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی نوعیت کا فیصلہ ہے جس نے ثابت کردیا ہے کہ ہمارے موقف میں جان تھی۔ مسلم لیگ (ن) یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہی ہے کہ نوازشریف پر کرپشن کا الزام نہیں ہے۔ انہوںنے کہاکہ فیصلے کے دو حصے ہیں ایک حصے میں نا اہلی کی وجوہات کا ذکر کیا ہے اور دوسرا کرپشن سے متعلق ہے۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف آج اتوار کو یوم تشکر منائے گی، پریڈ گرائونڈ اسلام آباد میں جلسہ ہوگا۔
عمران خان

ای پیپر دی نیشن