اسلام آباد(ایجنسیاں+نوائے وقت نیوز)قومی احتساب بیورو (نیب)کے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کل (پیر کو) اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔سپریم کورٹ نے پانامہ کیس کے فیصلے میں میاں نوازشریف، حسن، حسین، مریم نواز، کیپٹن(ر)صفدر اور اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا تھا۔سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد چیئرمین نیب نے اہم اجلاس کل طلب کیا ہے۔ اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیب اور پراسیکیوٹر جنرل کو بھی طلب کیا گیا ہے جبکہ نیب کے ڈائریکٹر جنرل آپریشنز اور ڈی جی نیب راولپنڈی بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق نیب کو پانامہ فیصلے کی نقل تاحال موصول نہیں ہوئی۔ اجلاس میں کئے جانیوالے فیصلوں کی منظوری ایگزیکٹو بورڈ سے لی جائیگی۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عملدرآمد کیا جائیگا۔ سپریم کورٹ نے پانامہ کیس کے فیصلے میں نواز شریف، حسن نواز، حسین نواز، مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدر اور اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنس دائر اورچھ ہفتوں میں فیصلہ کرنے کا حکم سنایا تھا۔
نیب کا اہم اجلاس کل طلب سپریم کورٹ کے فیصلہ پر من وعن عملدرآمد کرینگے :چیئر مین
Jul 30, 2017