اسلام آباد (محمد نوازرضا+ وقائع نگار خصوصی) پنجاب کے وزیراعلیٰ میاں شہبازشریف کو آئندہ وزیراعظم بنائے جانے کے فیصلے کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بیورو کریسی میں ہلچل مچ گئی ہے میاں شہباز بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کریں گے کئی وزراء کے قلمدان بھی تبدیل کئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق میاں شہبازشریف اپنی ٹیم میں صرف ان ہی بیورو کریس کو برداشت کریں گے جو ان کی ’’تیز رفتاری‘‘ کا ساتھ دیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف کو بقیہ مدت کے لئے وزیراعظم کے منصب کے لئے نامزد کئے جانے کے باوجود صوبائی دارالحکومت میں بیورو کریسی کے اندر پایا جانے والا خوف دور نہیں ہوا۔ میاں شہبازشریف کے منتخب وزیراعظم ہونے سے قبل ہی بیورو کریسی میں ’’مستعد‘‘ افراد کا چنائو کریں گے تاہم فوری طور پر وزیراعظم آفس میں تعینات سٹاف سے ہی کام لیا جائے گا۔ بیشتر بیورو کریٹس ماضی میں میاں شہبازشریف کی ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔ فواد حسن فواد بدستور پرنسپل سیکرٹری اور بیرسٹر نبیل اعوان پی ایس او کے طور پر کام کرتے رہیں گے۔ ذرائع کے مطابق میاں شہبازشریف وزیراعظم کے عہدے پر فائز ہونے کے ساتھ ساتھ پنجاب میں زیرتکمیل منصوبوں کی براہ راست نگرانی کریں گے۔