سرگودھا، خوشاب، موچھ: موسلادھار بارش، چھتیں گرنے سے 4 خواتین سمیت 7 افراد جاںبحق

Jul 30, 2018

سرگودھا‘ شاہپور صدر‘ موچھ‘ نوشہرہ‘ وادی سون ‘ خوشاب‘ میانوالی‘ عیسیٰ خیل (نامہ نگاران) بوسیدہ مکانوں کی چھتیں گرنے سے 3 خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق جبکہ 5 شدید زخمی ہیں۔ انسانی جانوں کے ضیاع پر نگران وزیراعلیٰ کا متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت۔ نواحی علاقہ ویگووال میں گزشتہ رات ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث بوسیدہ مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجہ میں10 افراد ملنے تلے دب گئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے ملبہ ہٹا یا تو اپانچ افراد جن میں میں 55 سالہ محمد خان 40 سالہ محمد حیات اور 25 سالہ ثمرین بی بی اور 10 سالہ علی اکبر ودیگرجاں بحق جبکہ پانچ زخمی افراد کو ڈی ایچ کیو سرگودھا پہنچا دیا گیا‘جہاں پر تین افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ دوسرے واقعہ میں خوشاب کے نواحی علاقہ پیڑھا کلوال میں بھی طوفان بارشوں سے مکان کی چھت گر گئی‘ ملبے میں دب کر 2 خواتین جاں بحق ہوگئیں۔ موچھ کے علاقہ پائی خیل میں مکان کی چھت گرنے سے 16سالہ لڑکی جاں بحق جبکہ اس کی والدہ اور بھائی معجزاتی طور پر بچ گئے۔ نوشہرہ وادی سون میں گزشتہ دن اور رات کی طوفانی موسلادھار بارش نے ہر طرف تباہی پھیلا دی۔ شہر میں نکاسی آب کی ابتر صورتحال کے پیش نظر محلہ لطیفال اور دیگر محلہ کے مکینوں کے گھروں میں بارشی پانی داخل ہوگیا جس کے نتیجہ میں متعدد مکانات منہدم ہوگئے اور قیمتی سامان بہتے پانی کی نذر ہوگیا ندی نالوں کی طغیانی میں ٹریکٹر ٹرالیاں کاریں بہہ گئیں، کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ لوگوں نے اپنی مدد آپ امدادی کارروائیاں جاری رکھیں۔ برساتی نالوں میں حالیہ بارشوں سے شدید طغیانی کی وجہ سے عیسیٰ خیل کے نواحی علاقہ کمرمشانی کے ڈوبنے کا خطرہ پیدا ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق کمرمشانی شہر کے قریب سے گزرے والے پہاڑی نالہ اڈوالہ نے وانڈھا کمالذئی والہ کے نزدیک حفاظتی بند کو کاٹنا شروع کر دیا جسکی وجہ سے ریت کی کٹائی بند کے بالکل قریب پہنچ گئی، اگر خدانخواستہ بارش زیادہ ہونے سے پانی زیادہ آ گیا تو صرف ایک گھنٹہ کی کٹائی سے اڈوالہ کا پانی بند توڑتا ہوا کمرمشانی شہر کو لے ڈوبے گا اس سلسلہ میں انتظامیہ کو اطلاع دی گئی لیکن ہنگامی طور پر کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔
بارش

مزیدخبریں