اسلام آباد (صباح نیوز+ آن لائن) نومنتخب ارکان قومی وصوبائی اسمبلیوں کا آئندہ ہفتے حلف اٹھانے کا قوی امکان ہے۔ رواں ہفتے کامیابی کے گزٹ نوٹیفکیشن جاری ہوجائیں گے۔ صدر پاکستان قومی اسمبلی جبکہ گورنرز صوبائی اسمبلیوں کے اجلاس طلب کریں گے۔ یہ ایڈوائسز نگران وزیراعظم اور نگران وزراءاعلی کی طرف سے سربراہ مملکت اور گورنرزکو ارسال کردی جائیں گی۔ ان سمریوں کے تحت قومی و صوبائی اسمبلیوں کے اجلاس طلب کئے جائیں گے۔ نئے وزیراعظم 14اگست کو یوم آزادی کے موقع پر پریڈ سے سلامی لے سکتے ہیں۔ اس طرح صوبوں میں نومنتخب وزراءاعلی یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کریں گے۔ خیال رہے آئین کے مطابق 14دنوں یعنی انتخابی کامیابیوں کے گزٹ نوٹیفکیشن 8/اگست تک جاری کرنا ضروری ہے اسی طرح 21دنوں یعنی 15/اگست تک صدر پاکستان اور گورنرز قومی و صوبائی اسمبلیوں کے اجلاس طلب کرنے کے پابند ہیں۔ آئی این پی کے مطابق نومنتخب قومی اسمبلی کا اجلاس 6سے 11اگست تک بلائے جانے کا امکان ہے۔
حلف برداری
نومنتخب ارکان اسمبلی کا آئندہ ہفتے حلف برداری، ایوان زیریں کا اجلاس 6سے 11اگست تک بلانے کا امکان
Jul 30, 2018