فیصل آباد(نمائندہ خصوصی)سٹیزن کونسل کے صدر اورچیئرمین سی سی 28گلستان کالونی میاں طاہر ایوب نے شہر بھرمیںمنرل واٹر کی جعلی بوتلوں کی فروخت کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چند روپوں کے لالچ میں معاشرے میں چھپی کالی بھیڑیں عوام کی صحت کے کھلواڑ میں مصروف ہیں ۔جنرل بس سٹینڈ،ریلوے اسٹیشن ،ہسپتالوں،کچہری اور دیگر مضافاتی علاقوں میں دھڑلے سے جعلی پانی فروخت کیا جارہا ہے ، مقامی سطح پر بوتلوں میں مضر صحت پانی بھر کر ان پر معروف کمپنیوں کے ریپر چسپاں کر کے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جعلسازوں کی طرف سے متعلقہ محکموں کو منتھلیاں پہنچائی جارہی ہیں جس کی وجہ سے متعلقہ محکمے کسی قسم کی کاروائی کرنے سے گریزاں ہیں ۔انہوں نے ڈی سی فیصل آباد سید احمد فواد سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور ایکشن لے کرشہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے والوںکے خلاف کارروائی کی جائے۔