لاہور (خبر نگار) حالیہ انتخابات سے دنیا میں پاکستان کا امیج بہتر ہوا ہے کیونکہ مسلسل تیسری مرتبہ پاکستان میں سویلین حکومت کو پر امن طریقے سے پاور ٹرانسفر کی جا رہی ہے۔ بہت جلد چائنہ اور سعودی عرب پاکستان کی معیشت کو سہارا دینے کیلئے سامنے آجائینگے۔ حالیہ الیکشن میں عوام نے محب وطن عدلیہ اور فوج کی مخالفت کو بری طرح مسترد کیا۔ پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے بیرون ملک پاکستانی ایک ہزار ڈالر فی کس فورا پاکستان بھیجیں اور سرمایہ کاری بھی کریں۔ آزاد امیدواروں کو ساتھ ملا کر حکومتیں بنانا اچھا شگون نہیں ۔ اس طرح حکومتیں بنانے والے سیاستدان تو بن سکتے ہیں سٹیٹسمین نہیں کہلا سکتے۔ مضبوط پاکستان ہی پاکستان کے تمام مسائل بشمول مسئلہ کشمیر کا حل ہے۔ آزاد امیدواروں کی بلیک میلنگ سے بچنے کیلئے وزیر اعظم اور وزراء اعلیٰ کا انتخاب ڈائریکٹ ہو نا چاہئے۔ سب سیاسی جماعتوں کے منتخب نمائندوں کو اسمبلیوں میں جاکر حلف اٹھانا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے ٹیک سوسائٹی کلب میں پاکستان کے حالیہ الیکشن کے موضوع پر ہونیوالی پا کستان ویژنری فورم کی 61ویں کانفرنس کے دوران کیا۔جس میں سابق وفاقی وزیر قانون ایس ایم ظفر، قیوم نظامی، جسٹس (ر) شریف حسین بخاری، ڈاکٹر محمد صادق، ڈاکٹرحسیب اللہ، رانا طارق محمود، محمد زبیر شیخ، منصور احمد، میجر شبیر احمد، خالد محمود سلیم، جمیل بھٹی، انجینئر محمود الرحمن چغتائی، محمد عظیم، جمیل گشکوری، چودھری محمد یعقوب، افتخار الحق، احسان الحق بھلی اور سلمان عابد شامل تھے۔مقررین نے کہا کہ پاکستانی عوام نے جس جذبے لگن اور جو ش و خروش کے ساتھ حالیہ الیکشن میں حصہ لیا ہے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں اور جیسا کہ یورپی یونین، دولت مشترکہ، فافن اور پلڈاٹ کے مبصرین نے کہا ہے کہ حالیہ انتخابات آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ ماحول میں فوج کی نگرانی میں پرامن ماحول میں منعقد ہوئے ہیں۔ جس کیلئے افواج پاکستان بھی یقینا مبارکباد کی مستحق ہیں۔ مقررین نے کہا کہ اب عمران خان پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہو گئی ہے کہ وہ عوام کی امنگوں پر پورا اترنے کیلئے اپنی بہترین ایماندار اور قابل ٹیم کو سامنے لائے جو کہ ملک کو معاشی و معاشرتی بحرانوں سے نکال سکے جس کا اندازہ آئندہ چند ماہ میں ہی ہو جائیگا۔ مقررین نے کہا کہ اب عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں کا امتحان ہے کہ وہ کیسے پاکستان کو بحرانوں سے نکالتے ہیں انھیں احتساب کا وعدہ بھی پورا کرنا ہوگا۔
حالیہ انتخابات سے دنیا میں پاکستان کا امیج بہتر ہوا: مقررین
Jul 30, 2018