جڑانوالہ: پسند کی شادی نہ کرنے پر گولی مار کر زخمی کرنے والے کزن سے ہی لڑکی کا ہسپتال میں نکاح، رخصتی، رنجش بھلا کر زندگی گزارنے کا عہد

جڑانوالہ (نمائندہ نوائے وقت) تھانہ صدر کے علاقہ میں کزن کو پسند کی شادی نہ کرنے پر گولی مار کر زخمی کرنے والے نوجوان سے ہی زخمی لڑکی کا سول ہسپتال میں نکاح پڑھوا دیا گیا۔ زخمی حالت میں رخصتی، گھریلو رنجشوں کو بھلا کر نئے سرے سے زندگی شروع کرنے کا عہد۔ نواحی گائوں 97گ ب کے رہائشی مختار کی بیٹی صبا کو اس کے کزن الیاس نے پسند کی شادی نہ کرنے پر طیش میں آکر گولی مار دی جسے زخمی حالت میں ٹی ایچ کیو ہسپتال میں لایا گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے کارروائی شرو ع کر دی دوسری طرف دونوں گھروں کے عزیز و اقارب نے خاندانی رنجشوں پر بھلا کر دونوں کا نکاح کر وادیا۔ بعدازاں دلہن کو پولیس کی نگرانی میں سول ہسپتال سے زخمی حالت میں رخصت کردیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن