واشنگٹن (اے پی پی) امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو آمدورفت کے لئے بند کرنے کی دھمکی کے حوالے سے کہا کہ وہ چاہے کچھ بھی کہے اسے ایک بین الاقوامی جواب دیا جائیگا۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق عمان کے وزیر ِ خارجہ یوسف الا علاوی سے ملاقات کے بعد امریکی وزارت دفاع میں پریس بریفنگ میں انہوں نے ایران کی آبنائے ہرمز کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں اس بات کی یاد دہانی کرائی کہ ایران اس سے پیشترمتعدد بار اس طرح کی دھمکیاں دے چکا ہے جس کے بعد عالمی برادری نے اس مقام کو آمدورفت کے لیے کھلا رکھنے کیلئے علاقے کو جنگی بحری جہاز روانہ کیے تھے۔ چونکہ یہ عمل بین الاقوامی مواصلات اور نقل و حمل کے خلاف ایک حملہ تصور کیا جائیگا لہذا یہ جو کچھ بھی کرلے عالمی برادری اسے مناسب جواب ضرور دے گی۔انہوں نے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کی تیاریوںکے سوال کے جواب میں کہا کہ مجھے نہیں پتہ کہ آسڑیلوی میڈیا نے یہ خبر کہاں سے حاصل کی ہے،تاہم میں اتنا ضرور کہہ سکتا ہوں کہ فی الحال ہماری ایسی کوئی تیاری نہیں ہے اور یہ خبریں مکمل طور پر من گھڑت ہیں۔