راولپنڈی ( نوائے وقت رپورٹ ) عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا ہے کہ محبت و غلامی مصطفی ﷺوہ خزانہ ہے جو ربِ رحمن تک پہنچانے والا ہے ۔ حضور نبی کریم ﷺ کی اتباع کرتے کرتے آپ ﷺ کے غلام اولیاء اﷲ اﷲ کریم کے ایسے قریب پہنچ جاتے ہیں ۔ایسی ہی شریعت مطہرہ پر کار بند ہستی عید گاہ شریف کے بزرگان ِ طریقت میں شیخ المحدثین و المفسرین الحاج الحافظ حضرت پیر محمد حبیب الرحمن المعروف لا ثانی رحمۃ اﷲ علیہ کی ہے جنہوں نے اپنے عمل و کردار ، حسن اخلاق اور شریعت مطہرہ کی پابندی سے لاکھوں مخلوقِ خدا کو حضور نبی کریم ﷺ کی محبت و عشق اور اتباع و غلامی سے رنگ ڈالا ۔ انہی ہستیوں کی بدولت نا صرف برصغیر بلکہ پوری دنیا میں دین ِ متین اسلام پھیلا اور جنہوں نے ثابت کیا کہ دین ِ متین اسلام تلوار کے زور پر نہیں بلکہ اُس حسنِ اخلاق کے ذریعے پھیلا جس کی روشنی دربار ِ رسالت مآب ﷺ سے ملتی ہے اور دین کے اندر کسی قسم کی سختی نہیں ہے اور دہشتگردی کا ارتکا ب کرنے والے عناصر کا دور دور سے دین ِ متین اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ قبلہ عالم پیر لاثانی رحمۃ اﷲ علیہ کی ساری زندگی عشقِ رسولِ مقبول ﷺ سے عبارت ہے ۔ حضور نبی کریم ﷺ کی محبت وعشق کے فروغ کیلئے آپؒ نے اندرون و بیرون ممالک کئی روحانی تبلیغی دورے کئے اور لاکھوں لوگوں کے سینوں کو نورِ اسلام سے منور کیا ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے اتوار کے روز عید گاہ شریف میں منعقدہ یوم لاثانی پاک رحمۃ اﷲ علیہ کے سلسلے میں منعقدہ ایک عظیم الشان محفل ِ میلاد مصطفی ﷺ سے خطاب کے دوران کیا ۔ محفل سے کثیر تعداد میں علمائے کرام جن میں مفتی محمد سلیمان رضوی ، حافظ محمد اقبال رضوی ، علامہ فاروق عثمانی ، حافظ بشیر احمد سیالوی ، خواجہ وجاہت جمیل ، برگیڈیئر (ر) محمد شبیر ، صوفی معراج دین ، مولانا محمد سعید ، خلیفہ محمد رمضان و دیگر نے بھی خطا ب کیا جبکہ دربار رسالت مآب ﷺ میں نعت پاک کا نذرانہ حافظ غلام مصطفی ، حافظ محمد رضوان ، حافظ عبدالمتین عباسی و دیگر نے پیش کیا ۔ محفل کا اختتام درود و سلام کے بعد پیر محمد نقیب الرحمن کی وطن عزیز کی سلامتی ، خوشحالی ، ترقی ، افواج پاکستان کی سر بلندی ، اتحاد بین المسلمین اور اپنے پیر و مرشد کی بلندی درجات کیلئے خصوصی دعا پر ہوا ۔