ٹرمپ سے اختلاف پر امریکی انٹیلی جنس چیف نے عہدہ چھوڑ دیا

واشنگٹن (آن لائن، نوائے وقت رپورٹ) امریکی صدر ٹرمپ سے اختلافات کے بعد امریکی انٹیلی جنس کے سربراہ ڈین کوٹس نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹ کے ذریعے انٹیلی جنس چیف کی تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ انٹیلی جنس کے موجودہ سربراہ ڈین کوٹس 15 اگست کو اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے۔ صدر ٹرمپ نے ٹیکساس سے کانگریس کے رکن جان ریٹکلف کو نیا انٹیلی جنس چیف مقرر کرنے کا اعلان کیا۔ عہدے سے سبکدوش ہونے والے نیشنل انٹیلی جنس ڈائریکٹر ڈین کوٹس سی آئی اے اور این ایس اے سمیت امریکہ کی 17 انٹیلی جنس ایجنسیوں کے نگران تھے۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق صدر ٹرمپ اور انٹیلی جنس چیف کے درمیان روس اور شمالی کوریا کے معاملے پر اختلافات تھے۔ انٹیلی جنس چیف ڈین کوٹس نے اپنا استعفیٰ صدر ٹرمپ کو بھجوادیا۔ جس میں ان کا کہنا تھا کہ ان کے دور میں امریکی انٹیلی جنس پہلے سے زیادہ مضبوط ہوئی۔ انہوں نے بطور اٹارنی بھی خدمات انجام دیں۔

ای پیپر دی نیشن