راولپنڈی کے قریبموہڑہ کالو میںآبادی پر گرکر تباہ ہو نے والے چھوٹے تربیتی طیارے کے حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد18ہوگئی جن میں دو پائلٹس سمیت عملے کے 5 اہلکار بھی شامل ہیں،حادثے میں 12 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان آرمی ایوی ایشن کا چھوٹا طیارہ راولپنڈی کے قریب تھانہ سہالہ کی حدود میں موہڑہ کالو میں گر کر تباہ ہو گیا۔طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا، حادثے میں 2 پائلٹس سمیت عملے کے 5 افراد شہید ہو گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق عملے کے شہدا میں لیفٹیننٹ کرنل پائلٹ ثاقب، لیفٹیننٹ کرنل پائلٹ وسیم، نائب صوبیدار افضل، حوالدار امین اور حوالدار رحمت شامل ہیں۔حادثے میں 12 شہری جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہوئے ، 9زخمی زیر علاج جبکہ باقی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا ۔ پاکستان آرمی کی ریسکیو ٹیمیں اور 1122 موقع پر پہنچیں، ریسکیو ٹیموں نے آگ بجھائی اور زخمیوں کو ہسپتا ل منتقل کیا۔ریسکیو کے مطابق حادثے میں جاں بحق 4 افراد کی لاشیں ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچا دی گئیں۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر نے 18 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے جبکہ ملبے میں دبے تمام افراد کو نکال لیا گیا ۔ راولپنڈی کے تینوں بڑے ہسپتا لوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ رات تقریبا 2 بجے کا وقت تھا کہ جہاز کی بالکل مختلف آواز سنی ، نیچے آکر دیکھا تو جہاز گرنے کے بعد شعلے بلند ہو رہے تھے ۔ریسکیو نے بتایا کہ طیارہ گرنے سے 4 سے 5 گھروں میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا جبکہ کولنگ کا عمل جاری ہے،علاقے کی بجلی منقطع کر دی گئی ۔ ادھر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر راولپنڈی احمد علی رندھاوا نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا جہاں طیارہ حادثے کے زخمیوں کی عیادت کی اور کہا کہ کوشش ہے کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عبدالرحمن کے مطابق کئی افراد گھروں کے ملبے تلے پھنس گئے جنہیں پاک فوج کے جوانوں نے نکال کر ریسکیو آپریشن مکمل کیا اور ملبہ ہٹانے کا کام شروع کردیا گیا ۔ کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر نے جائے حادثہ کا دورہ کیا جہاں انھیں طیارہ کریش ہونے سے متعلق آرمی افسران نے بریفنگ دی ۔ ریسکیو کے مطابق طیارے حادثے میں جاں بحق ہونے والے شہریوں میں جمیل، روبینہ، ذوہیب، پری، فاطمہ، عظمی، بشیر، عبدالحفیظ، راحیلہ، فیضان، فائزہ، عبدالروف اور آمنہ بی بی شامل ہیں ،علاوہ ازیں زخمیوں میں محمد یوسف، شمیم، اقرا بی بی، سوریہ بی بی، صبا جان، محمد ندیم اور دیگر شامل ہیں۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے راولپنڈی میں طیارہ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاک فوج کے تربیتی طیارے کوپیش آنے والے حادثے پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے حادثہ میں شہادت پانے والوں کیلئے بلندی درجات اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔ وزیر خارجہ نے اس طیارہ حادثہ میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی ۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے راولپنڈی میں طیارہ حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پردلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے غم میں ان کے ساتھ ہیں۔