شائقین کرکٹ نے چنئی ٹیسٹ کو پاکستان کا یادگار میچ قرار دے دیا

Jul 30, 2019

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر کی گئی پولنگ میں شائقین کرکٹ نے چنئی ٹیسٹ 1999 کو قومی تاریخ کا یادگار میچ قرار دے دیا۔پی سی بی کی جانب سے پاکستان کے یادگار ترین ٹیسٹ کے لیے ٹوئٹر اور فیس بک پر پول ڈالا گیا۔تین روز تک جاری رہنے والی پولنگ ٹوئٹر پر 1لاکھ 9ہزار افراد تک پہنچی جب کہ فیس بک پر اس کی ریچ 10لاکھ 20ہزار رہی۔پی سی بی کی جانب سے تین روزہ پولنگ میں 15ہزار 847شائقین کرکٹ نے ووٹ دیئے۔سب سے زیادہ 65فیصد شائقین نے 1999میں ہونے والے چنئی ٹیسٹ کے حق میں ووٹ دیئے، بنگلور ٹیسٹ 1987کو 15فیصد ووٹ ملے، اوول ٹیسٹ 1954کو 11فیصد اور کراچی ٹیسٹ 1994کو 10فیصد ووٹ ملے۔سوئنگ کے سلطان اور سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ میرا ووٹ بھی چنئی ٹیسٹ کیلئے تھا، چنئی ٹیسٹ پریشر کو جاننے اور اس میں پرفارم کرنے کی بہترین مثال ہے۔دوسری جانب شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ فخر ہے کہ ایسی ٹیم کاحصہ رہا جو کسی بھی لمحے میچ جیتنے کی صلاحیت رکھتی تھی، میچ میں اپنی کارکردگی سے خوشی ہوئی۔شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا ۔کہ چنئی ٹیسٹ نے دوسرا کے موجد ثقلین مشتاق کو پہچان دی تھی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے کہا کہ دو دہائیوں بعد بھی شائقینِ کرکٹ کا جشن چنئی ٹیسٹ میں شاندار فتح کا ثبوت ہے، پاکستان ٹیسٹ کا قابل فخر ملک ہے۔ایم ڈی وسیم خان نے مزید کہا کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔خیال رہے کہ 1999 میں بھارتی شہر چنئی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد بھارت کو 12 رنز سے شکست دی تھی۔

مزیدخبریں