16 مشیروں کیخلاف درخواست، نوٹیفکیشن لگانے کا حکم: وفاق کی پچ گیلی، حکومتی وکیل تیاری سے آئیں: چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

Jul 30, 2020

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعظم عمران خان کے 16 مشیران خاص کی تقرریوں کیخلاف دائر درخواست پر عائد رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے درخواستگزار کو مشیران خصوصی کی تعیناتیوں کے نوٹیفکیشن لف کرنے کا حکم دے دیا۔ فاضل عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ وفاقی حکومت کے وکیل صاحب آپ تیار ہو کر آئیے گا، نوجوان وکیل نے جو باتیں بتائی ہیں اس حساب سے وفاق کی پچ گیلی ہے، وفاق کی پچ پر گھاس بھی موجود ہے اور باری بھی بائولرز کی ہے، عید کے بعد وفاقی حکومت کے وکیل مکمل تیاری کر کے آئیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان نے درخواست پر بطور اعتراض کیس سماعت کی۔ لاہور ہائیکورٹ میں ندیم سرور ایڈووکیٹ نے وزیر اعظم عمران خان کے مشیران خاص کی تقرریاں چیلنج کیں۔ آئینی درخواست میں وزیر اعظم، وزارت قانون، ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، شہزاد اکبر، ڈاکٹر ظفر مرزا سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے اور درخواست کے حتمی فیصلے تک وزیراعظم کے تمام غیر منتخب مشیران خاص کو فوری طور پر کام سے روکا جائے۔ درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ درخواست کے حتمی فیصلے تک وزیراعظم عمران خان کو بھی ملک کے چیف ایگزیکٹو کی حیثیت سے کام کرنے سے روکا جائے۔

مزیدخبریں