اسلام آباد (خصوصی نمائندہ +وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان میں کرونا وائرس کی صورتحال دن بدن بہتری کی جانب گامزن ہے۔ ملک میں 2 لاکھ 76 ہزار 942 کیسز میں 2 لاکھ 44 ہزار 883 صحتیاب ہو چکے ہیں جو تقریباً 88 فیصد سے زائد ہے۔ اس کے علاوہ ملک میں مجموعی طور پر اموات کی تعداد 5 ہزار 909 ہے جبکہ فعال کیسز 26 ہزار سے زائد رہ گئے ہیں۔ ملک میں کرونا وائرس کے مزید 899 کیسز اور 34 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 2 ہزار 447 لوگ مزید شفایاب بھی ہوگئے۔ سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 654 نئے کیسز اور 17 اموات کا اضافہ ہوا۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 654 افراد کے متاثر ہونے سے مجموعی تعداد ایک لاکھ 20 ہزار 52 ہوگئی۔ اموات کی تعداد 2 ہزار 189 تک پہنچ گئی۔ پنجاب میں کرونا وائرس نے مزید 173 افراد کو متاثر کیا جبکہ 8 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ مجموعی کیسز 92 ہزار 452 تک پہنچ گئے۔ اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 133 تک پہنچا دیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کرونا وبا نے مزید 25 افراد کو متاثر کردیا۔ مجموعی تعداد 14 ہزار 963 تک جا پہنچی۔خیبر پی کے میں مزید 6 مریض جاں بحق تعداد 1192 ہو گئی، 121 نئے متاثرین رپورٹ، تعداد33845 ہو گئی۔ آزاد کشمیر میں کرونا وبا کے مزید 15 کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔ مجموعی کیسز 2 ہزار 55 تک پہنچ گئے۔ انتقال کرنے والوں کی تعداد 50 تک جا پہنچی۔ گلگت بلتستان میں کرونا وبا نے مزید 32 افراد کو متاثر کیا اور 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 2 ہزار 42 ہوگئی۔ مجموعی اموات کی تعداد 50 تک پہنچ گئی۔اس وقت ملک میں 88 فیصد لوگ شفایاب ہوچکے ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 447 لوگ ایسے تھے جنہوں نے اس وائرس سے شفا پائی۔ جس کے بعد اب تک مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 44 ہزار 883 ہوگئی۔ علاوہ ازیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 21 ہزار 256کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے جبکہ اب تک کل 19 لاکھ 31 ہزار 102کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ وبائی مرض کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے تمام صوبوں کو مزید وینٹی لیٹرز کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ سندھ کو 26 آئی سی یو وینٹی لیٹرز اور 61 بائی پیپ فراہم کئے گئے جبکہ بلوچستان کو 19 آئی سی یو وینٹی لیٹرز اور 35 بائی پیپ دیئے گئے۔ ترجمان نے بتایا کہ پنجاب کو دیئے گئے وینٹی لیٹرز میں 35 آئی سی یو اور 56 بائی پیپ شامل ہیں۔ خیبر پی کے کو بھی 4 آئی سی یو وینٹی لیٹرز اور 6 بائی پیپ فراہم کئے گئے۔ این ڈی ایم اے کی جانب سے ملک کے مختلف ہسپتالوں کو مجموعی طورپر 1491 وینٹی لیٹر دیئے جا چکے ہیں جن میں 478 آئی سی یو‘ 905 بائی پیپ اور 108 پورٹیبل وینٹی لیٹرز شامل ہیں۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1کروڑ 68لاکھ 99ہزار 9تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 6لاکھ 63ہزار 539ہو گئیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کرونا وائرس کے دنیا بھر میں 57لاکھ 73ہزار 298مریض ہسپتا لوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 66ہزار 449کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 1کروڑ 4لاکھ 62ہزار 172مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ امریکہ میں کرونا وائرس سے اب تک 1لاکھ 52ہزار 320 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 44 لاکھ 98ہزار 343 ہو چکی ہے۔ بھارت کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر پہنچ گیا جہاں کرونا سے 34 ہزار 240 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ متاثرہ مریضوں کی تعداد 15 لاکھ 33 ہزار 936 ہو گئی۔ سپین میں کرونا وائرس کی وبا سے اموات 28ہزار 436ہو گئیں جبکہ اب تک اس کے 3لاکھ 27ہزار 690مصدقہ متاثرین سامنے آئے ہیں۔برطانیہ میں کرونا سے اموات کی تعداد 45ہزار 878ہوگئی جبکہ کرونا کے کیسز کی تعداد 3لاکھ 692ہو چکی ہے۔ایران میں کرونا وائرس سے مرنے والوں کی کل تعداد 16ہزار 147ہو گئی جبکہ کرونا کے کل کیسز 2لاکھ 96ہزار 273ہو گئے۔سعودی عرب میں کرونا وائرس سے اب تک کل اموات 2 ہزار 789 رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ مملکت میں اس کے مریضوں کی تعداد 2لاکھ 70ہزار 831تک جا پہنچی۔ چین میں کرونا وائرس کے مزید 101 کیسز سامنے آ گئے جو کہ گزشتہ ساڑھے تین ماہ کے دوران وہاں ایک دن میں سامنے آنے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔ خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کا کہنا ہے کہ چین میں 28 جولائی یعنی گزشتہ روز مجموعی طور پر 101 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 98 کیسز سنکیانگ کے علاقے میں سامنے آئے جبکہ تین کیسز کی تصدیق بیرون ملک سے واپس آنے والے شہریوں میں ہوئی۔ اس کے علاوہ چین نے 28 جولائی کو ہی 27 بغیر ایسے مریضوں کی تصدیق بھی کی جن میں کرونا کی کوئی علامت موجود نہیں تھی۔