جیل ریفارمز پر تیزی سے کام ہو رہا‘ بیرکوں میں کولر لگا دیئے: چوہدری زوار حسین

دنیاپور ( نامہ نگار) جیلوں میں یوٹیلٹی سٹورز کھولے جارہے ہیں،تاریخ میں پہلی بار پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کی بیرکوں میں ائیر کولرز لگادئیے گئے ہیں۔جیل ریفارمز پر تیزی سے کام ہو رہا ہے ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر جیل خانہ جات چوہدری زوار حسین وڑائچ نے گزشتہ روز صحافیوں اور عمائدین علاقہ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر جیل مینوئلز میں اصلاحات کا عمل شروع کیا جاچکا ہے اس سلسلے میں چار سو سے زائد جیل مینوئل کی شقوں کو تبدیل کیا جارہا ہے جبکہ جیلوں میں یوٹیلٹی اسٹورز بھی قائم کئے جائیں گے تاکہ قیدیوں کو کنٹرول ریٹ پر اشیائے ضروریات دستیاب ہوسکیں انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر لاہور کیمپ جیل اور ساہیوال ہائی سیکورٹی جیل میں یوٹیلٹی سٹور قائم کئے جارہے ہیں انہوں نے مذید بتایا کہ قیدیوں کو جیل میں شکایات بکس کی سہولت بھی فراہم کردی گئی ہے ان بکس کی چابی ہر ریجن کے ڈی آئی جی جیل خانہ جات کے پاس ہوگی ۔ اس موقع پر چوہدری عتقیق احسن جٹ، میاں محمد اکبر آرائیں، ملک انور لدھیانہ،راؤعمرجاوید، چوہدری جاوید وڑائچ اور نمبردار چوہدری غضنفر وڑائچ و دیگر بھی موجود تھے

ای پیپر دی نیشن